پاکستان میں ریٹائرمنٹ کی معیاد میں توسیع ہونی چاہئے دنیا کے کئی ممالک میں ریٹائرمنٹ کی معیاد ہی ختم کر دی گئی ہے،پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم
نیت اچھی ہو تو اللہ تعالیٰ آپ کی ٹیم کے کپتان بن جاتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ کہا کہ میری عزت میڈیا کے کیمروں میں نہیں اللہ کے حضور ہے, پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے علامہ اقبال میڈیکل کالج میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر فیئرویل تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر عیس محمد، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر آصف بشیر، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کو اس موقع پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں ریٹائرمنٹ کی معیاد میں توسیع ہونی چاہئے۔ دنیا کے کئی ممالک میں ریٹائرمنٹ کی معیاد ہی ختم کر دی گئی ہے۔ مجھے میرے بھائی ندیم حفیظ بٹ پر فخر ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے جناح ہسپتال کو بہت اچھی طرح چلایا۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج میں بطور پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے شاندار دور گزارا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمیں پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کی شخصیت سے سیکھنا چاہئے۔ مجھے جناح ہسپتال میں خدمت انسانیت کے نتیجے میں دہشتگردی کے مقدمات بھی بھگتنے پڑے۔ نیت اچھی ہو تو اللہ تعالیٰ آپ کی ٹیم کے کپتان بن جاتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ کہا کہ میری عزت میڈیا کے کیمروں میں نہیں اللہ کے حضور ہے۔ پاکستان میں کسی پر الزام لگانا بہت آسان ہے۔ پاکستان کے ہسپتال آبادی کے اعتبار سے بہت کم پڑ گئے ہیں۔ جناح ہسپتال لاہور تیس سال پہلے بنایا گیا۔ ان محدود وسائل میں ہمیں اچھا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ جناح ہسپتال جیسے ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہے۔ جناح ہسپتال میں آکر بہت سکون ملتا ہے۔میرے دل میں جناح ہسپتال کی یادیں ہمیشہ تازہ رہتی ہیں۔ حکومت کو پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ جیسے افسر کو جانے نہیں دینا چاہئے۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ ایک رول ماڈل ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ کو علامہ اقبال میڈیکل کالج میں اکیڈمک کونسل کا اہم حصہ بنانا چاہئے۔ عیس محمد بھی ہم سب کیلئے رول ماڈل ہیں۔ میں ابھی تک مریض کا علاج کرنا سیکھ رہا ہوں۔ ہمیشہ لوگوں کی بھلائی کا ہی سوچنا چاہئے۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے اس موقع پر کہا کہ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی آمد پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج سے رشتہ ہمیشہ جڑا ہی رہے گا۔