داغستان کے ایئرپورٹ پر اسرائیل مخالف فسادات میں یوکرین کا ’اہم کردار‘: روس
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روس کی خارجہ امور کی ترجمان ماریا زاخارووا نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ’مجرم کیئف حکومت نے تازہ ترین تباہ کن کارروائی کو انجام دینے میں براہ راست اور اہم کردار ادا کیا۔‘
روس نے الزام عائد کیا ہے کہ اتوار کو مسلم اکثریتی علاقے داغستان کے ایئرپورٹ پر اسرائیل مخالف فسادات میں یوکرین کا ’اہم کردار‘ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روس کی خارجہ امور کی ترجمان ماریا زاخارووا نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ’مجرم کیئف حکومت نے تازہ ترین تباہ کن کارروائی کو انجام دینے میں براہ راست اور اہم کردار ادا کیا۔‘
یوکرین کی جانب سے ان الزامات پر فوری طور پر کوئی ردّعمل سامنے نہیں آیا ہے اور یوکرین کی وزارت خارجہ نے اے ایف پی کی تبصرہ کرنے کی درخواست کا بھی جواب نہیں دیا۔
اس سے قبل روس نے کہا تھا کہ اتوار کو اسرائیل مخالف ہجوم کا داغستان میں مرکزی ایئرپورٹ پر حملہ ’بیرونی اثر و رسوخ‘ کا نتیجہ ہے۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے پیر کو نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ’یہ بات اچھی طرح سے معلوم اور واضح ہے کہ گذشتہ روز ماخچکالا ایئرپورٹ کے ارد گرد ہونے والے واقعات بڑی حد تک بیرونی مداخلت کا نتیجہ ہیں۔‘
دمتری پیسکوف نے کہا کہ ’بدخواہوں نے شمالی قفقاز کے مسلم اکثریتی علاقے میں لوگوں کو مشتعل کرنے کے لیے غزہ میں مشکلات کی وسیع پیمانے پر دیکھی جانے والی تصاویر کا استعمال کیا۔‘
تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کریملن کسے اور کیوں کشیدگی شروع کرنے کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔
روس کے علاقے داغستان میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے والے سینکڑوں افراد نے اتوار کو مرکزی ایئرپورٹ پر اس وقت دھاوا بول دیا جب تل ابیب سے ایک پرواز وہاں پہنچی۔
خبر رساں اداروں اے ایف پی اور اے پی کے مطابق داغستان کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ہجوم میں شامل 150 سے زیادہ افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان میں سے 60 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ پر موجود افراد یہود مخالف نعرے (اینٹی سیمیٹک) لگا رہے تھے اور مسافروں کو تلاش کر رہے تھے۔
روسی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ہجوم نے روسی کمپنی ریڈ ونگ کے طیارے کو گھیر لیا تھا۔ فلائٹ ریڈار کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب سے پہنچنے والی ریڈ ونگز کی پرواز نے شام سات بجے ماخچکالا پہنچنا تھا۔
آزاد روسی میڈیا آؤٹ لیٹ سوتا نے کہا ہے کہ یہ ٹرانزٹ فلائٹ تھی جسے دو گھنٹے بعد ماسکو کے لیے روانہ ہونا تھا۔
حکام کو مسلم اکثریتی داغستان کے دارالحکومت ماخچکالا کے ایئرپورٹ کو بند کرنا پڑا اور پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا تھا۔
داغستان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ 20 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔
وزارت صحت نے مزید کہا ہے کہ زخمیوں میں پولیس اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں۔
روس کی سول ایوی ایشن ایجنسی روساویاتسیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایئرپورٹ کو کلیئر کر دیا گیا ہے تاہم چھ نومبر تک آنے والی پروازوں کے لیے بند رہے گا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہجوم فلسطینی جھنڈے لہرا رہا تھا اور کچھ پولیس کی گاڑیوں کو الٹانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ویڈیوز میں یہود مخالف نعرے بھی سنے جا سکتے ہیں جبکہ ہجوم میں موجود کچھ لوگ مسافروں کے پاسپورٹس بھی چیک کر رہے تھے۔
مظاہرہ کرنے والے ایک شخص کے ہاتھ میں موجود پوسٹر پر لکھا ہوا تھا کہ ’داغستان میں بچوں کے قاتلوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔‘
دیگر ویڈیوز میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ عملے کی جانب سے روکنے پر ایئرپورٹ کے ٹرمینل پر موجود لوگ دروازے توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سات اکتوبر کو حماس کے عسکریت پسندوں کے حملے کے جواب میں اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے۔ حماس کے حملے میں 14 سو اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے تھے جبکہ 230 کو اغوا کیا گیا۔
غزہ میں امدادی اداروں اور وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی مسلسل بمباری سے آٹھ ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔