آئی سی سی رینکنگ: شاہین شاہ آفریدی نمبر ون بولر بن گئے، بابر اعظم کی برتری بھی برقرار
صرف یہ ہی نہیں، شاہین شاہ آفریدی نے ایک اور اعزاز بھی حاصل کیا ہے جس کے بعد وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے بھی بولر بن گئے ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بولر بن گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کو ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کی ہے جس کے بعد پاکستانی سپیڈ سٹار ون ڈے فارمیٹ کے نمبر ون بولر بن گئے ہیں۔
صرف یہ ہی نہیں، شاہین شاہ آفریدی نے ایک اور اعزاز بھی حاصل کیا ہے جس کے بعد وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے بھی بولر بن گئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے یہ اعزاز بنگلہ دیش کے خلاف اپنے کیریئر کے 51 ویں میچ میں تین وکٹیں حاصل کر کے حاصل کیا۔
دوسری جانب لیف آرم سپیڈ سٹار انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔
انہوں نے میگا ایونٹ کے سات میچوں میں اب تک 16 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اگر آئی سی سی کی ون ڈے ریکنگ پر نگاہ ڈالی جائے تو بیٹرز کی فہرست میں پاکستانی کپتان بابر اعظم 818 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ انڈین بیٹر شبھمن گِل اور اُن کے درمیان صرف دو ریٹنگ پوائنٹس کا فاصلہ رہ گیا ہے۔
شبھمن گِل 816 ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اسی طرح بیٹرز کی فہرست میں تیسرا نمبر جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کا ہے۔
چوتھے نمبر پر آسٹریلوی اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر موجود ہیں جبکہ پانچویں پوزیشن انڈین کپتان روہت شرما کی ہے۔
ون ڈے فارمیٹ میں بیٹرز کی رینکنگ میں چھٹا نمبر جنوبی افریقی بیٹر ہینرک کلاسین کا ہے اور ساتویں نمبر پر انڈین بیٹر وراٹ کوہلی موجود ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔ فوٹو: پی سی بیاسی طرح آٹھویں نمبر پر آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر، نویں پر جنوبی افریقہ کے بیٹر رَسی فین ڈر ڈسن اور دسویں نمبر پر انگلش بیٹر ڈیوڈ مالان ہیں۔
اگر ون ڈے فارمیٹ میں بولر کی رینکنگ کو دیکھا جائے تو شاہین شاہ آفریدی پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلوی پیسر جوش ہیزل وُڈ کا نمبر ہے۔
ون ڈے ریکنگ میں بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر انڈین بولر محمد سراج اور چوتھے نمبر پر جنوبی افریقی سپنر کیشوو مہاراج موجود ہیں۔
اسی طرح پانچویں نمبر پر کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ، چھٹے نمبر پر افغان سپنر راشد خان اور ساتویں نمبر پر انڈین لیف آرم لیگ سپنر کلدیپ یادو موجود ہیں۔
ون ڈے کرکٹ کے بہترین بولرز کی رینکنگ میں افغان سپنر مجیب الرحمان آٹھویں، آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زمپا نویں اور افغان سپنر محمد نبی کا دسواں نمبر ہے۔