سارہ علی خان اور جھانوی کپور کے درمیان دوستی ختم یا نہیں؟
’کافی وِد کرن‘ کے ساتویں سیزن کی آخری قسط میں سارہ علی خان کے ساتھ جھانوی کپور نے شرکت کی تھی تاہم اس مرتبہ سارہ کے ساتھ اُن کی دوست اننیا پاںڈے شریک ہوں گی۔
بالی وُڈ کے ستاروں کے درمیان افیئرز کی خبریں آنا اور پھر اُن افیئرز کے ٹوٹنے کی ہیڈلائنز بننا تو معمول کی بات سمجھی جاتی ہے تاہم حالیہ دنوں میں سارہ علی خان اور جھانوی کپور کے درمیان دوستی ختم ہونے کی خبریں بھی گردش کرنے لگی ہیں۔
ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کے مطابق معروف شو ’کافی وِد کرن‘ کے جاری سیزن کی تیسری قسط میں سارہ علی خان اور اور اُن کی دوست اننیا پانڈے بطور مہمان آنے والی ہیں، جس کے بعد بالی وُڈ مداحوں کو اس بات پر تشویش ہے کہ کیا سارہ علی خان اور جھانوی کپور کے درمیان دوستی ختم ہو گئی ہے؟
’کافی وِد کرن‘ کے ساتویں سیزن کی آخری قسط میں سارہ علی خان کے ساتھ جھانوی کپور نے شرکت کی تھی تاہم اس مرتبہ سارہ کے ساتھ اُن کی دوست اننیا پاںڈے شریک ہوں گی۔
سارہ علی خان اور اننیا پانڈے دونوں ہندی فلم نگری کی نوجوان اداکارائیں سمجھی جاتی ہیں۔
سارہ علی خان نے 2018 میں فلم ’کیدارناتھ‘ سے بالی وڈ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا جبکہ اننیا پانڈے نے 2019 میں ریلیز ہوئی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ سے شہرت حاصل کی تھی۔
دوسری جانب کرن جوہر کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے شو ’کافی وِد کرن‘ کی اگلی اقساط کا پرومو جاری کیا گیا جس میں سارہ علی خان اور اننیا پانڈے کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے سارہ اور جھانوی کے درمیان دوستی ختم ہونے کی خبریں شاید درست نہیں ہیں کیونکہ دونوں اداکاراؤں کو حالیہ دنوں میں ایئرپورٹ پر ایک ساتھ بات چیت کرتے دیکھا گیا تھا۔
اس کے علاوہ دونوں اداکاراؤں کو ایک ساتھ ایک نجی تقریب میں بھی دیکھا گیا تھا جہاں سارہ اور جھانوی خوب پارٹی کرتی نظر آئیں۔
واضح رہے سارہ علی خان نے ’کافی وِد کرن‘ کے ساتویں سیزن میں جھانوی کپور کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں بتایا تھا کہ ’ہم گوا میں ہمسائے تھے اور ہم دونوں کا ایک مشترکہ دوست تھا۔ ایک دن ہم نے آپس میں بات کرنا شروع کی۔ ہم صبح آٹھ بجے تک باتیں کرتے رہے۔‘
’کافی وِد کرن‘ کے جاری سیزن کی پہلی قسط میں دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ نے شرکت کی تھی جبکہ دوسری قسط میں سنی دیول اور بوبی دیول بطور مہمان جلوہ گر ہوئے تھے۔