پاکستان کی حکومت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے جس کے بعد بڑے پیمانے پر غیرقانونی تارکین کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اس سلسلے میں سماجی حلقوں سمیت انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے اداروں اور افراد کی جانب سے افغان مہاجرین کی بحفاظت اور باعزت طریقے سے واپس وطن بھیجنے کی درخواستیں کی جا رہی ہیں۔
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے معاملے میں نرمی کی جائے۔
ماہرہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر کے تحت ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کو رحم دلی سے ممکن بنایا جائے۔
ماہرہ خان اپنی پوسٹ میں کہتی ہیں کہ ’کوئی بھی اپنی مرضی سے گھر نہیں چھوڑتا۔ پاکستان میں مجھے اُن لوگوں کے لیے اپنی مہمان نوازی پر فخر ہوتا ہے جو یہاں حفاظت اور عزت کے ساتھ رہنے آئے تھے۔ 40 برسوں سے ہم نے اپنے افغان بہن بھائیوں کی حفاظت کی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ لوگ جنہیں ابھی بھی ہماری رحمدلی اور شفقت کی ضرورت ہے، جنہیں واپس جانے کا خطرہ ہے۔‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں اپنی حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ جنہیں ابھی مدد کی ضرورت ہے، ان کی مدد کی جائے۔‘
ماہرہ خان کی اس پوسٹ پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
اداکارہ گوہر خان نے تبصرہ کیا کہ ’ایک ایمبیسیڈر کو ایسا ہی کرنا چاہیے۔ بہت شاندار کام کیا ہے۔‘
مسٹیا پاکی نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’اس بارے میں بات کرنے کا بہت بہت شکریہ۔‘
امناز بلوگ نے تبصرہ کیا کہ ’بالآخر کسی نے تو افغانی لوگوں کے بارے میں بات کی ہے۔‘