مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کا الیکشن مل کر لڑنے کا اعلان
منگل کو مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم (پاکستان) کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے لاہور میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات کی۔
مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد آٹھ فروری کو ملک میں عام انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
منگل کو مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم (پاکستان) کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے لاہور میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ پاکستان کے عوام کو موجودہ مسائل سے نکالنے اور پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پہ گامزن کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں گے۔
دونوں جماعتوں نے چھ رکنی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو صوبہ سندھ بالخصوص اس کے شہری علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے جامع چارٹر تیار کرے گی۔ کمیٹی دونوں جماعتوں کے درمیان اشتراک کے لیے حتمی تجاویز قیادت کو 10 روز میں پیش کرے گی۔
لاہور میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’آٹھ فروری کا الیکشن رواداری کے ساتھ لڑنے جا رہے ہیں۔ ن لیگ اور ایم کیو ایم میں طے پایا ہے کہ 8 فروری کے الیکشن مل کر لڑیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل ایم کیو ایم پاکستان سے سیاسی اتحاد ہوا اسی لیے آج معاہدہ طے پایا۔
اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ ’فیصلہ کرنا ہے کہ سیاسی اور معاشی حالات کا مقابلہ کس طرح کرنا ہے۔ صرف ایک ساتھ انتخاب نہیں لڑنا بلکہ چیلنجز کا بھی سامنا کرنا ہے، معیشت کے سنگین مسائل کے حل کے لیے بھی سر جوڑ کر بیٹھنا ہے۔ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔