آخری اوور میں چھ وکٹیں، آسٹریلوی کلب کرکٹ میچ میں ’ناقابلِ یقین‘ فتح
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ ’ناقابلِ یقین واقعہ‘ اتوار کو گولڈ کوسٹ پریمیئر لیگ ڈویژن تھری کے ایک میچ میں پیش آیا۔
ایک آسٹریلوی کرکٹ کلب کے کھلاڑی نے آخری اوور میں چھ گیندوں پر چھ وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو ناقابلِ یقین کامیابی دلائی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ ’ناقابلِ یقین واقعہ‘ اتوار کو گولڈ کوسٹ پریمیئر لیگ ڈویژن تھری کے ایک میچ میں پیش آیا۔
کرکٹ کلب مڈگیرابا کو یقینی شکست کا سامنا تھا جب کپتان گیرتھ مورگن نے آخری اوور کرانے کے لیے گیند خود تھامی۔
مخالف ٹیم سرفرز پیراڈائز کو میچ جیتنے کے لیے آخری اوور میں پانچ رنز کی ضرورت تھی جبکہ اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔
کپتان مورگن نے آخری اوور کی پہلی گیند پر سرفرز پیراڈائز کے اوپنر جیک گارلینڈ کو پویلین بھیج دیا جو 65 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس کے بعد اگلی پانچ گیندوں پر پانچ بلے باز گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے۔
پورے ملک کی توجہ حاصل کرنے والے بولر مورگن نے میچ کے بعد گولڈ کوسٹ بلیٹن کو بتایا کہ ’یہ مزاح سے بھرپور تھا، اوور شروع کرتے وقت امپائر نے مجھے کہا کہ اس میچ کو جیتنے کے لیے تم کو ہیٹ ٹرک یا کچھ اور کرنا پڑے گا۔‘
انہوں نے امپائر کے تأثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں نے یہ کر دکھایا تو انہوں نے عجیب طرح سے مجھے دیکھا۔‘
قومی ٹیلی ویژن اے بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان گیرتھ مورگن نے کہا کہ ’یہ ناقابلِ یقین تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے یاد ہے کہ جب میں نے پہلی تین گیندوں پر ہیٹ ٹرک کی تو سوچا کہ یہ میچ اب ہارنا نہیں۔‘
مورگن کا کہنا تھا کہ ’جب آخری گیند پر سٹمپس اکھڑیں تو پھر یہ سب پاگل کر دینے والا تھا۔ مجھے یقین نہیں آ رہا تھا، اس طرح پہلے کبھی ایسا ہوتا نہیں دیکھا تھا۔‘
آؤٹ ہونے والے پہلے چار کھلاڑی کیچ جبکہ آخری دو کلین بولڈ ہوئے۔
پروفیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں زیادہ سے زیادہ پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے گئے۔ یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کے نیل واگنر، بنگلہ دیش کے الامین حسین اور انڈیا کے ابھیمانیو متھن نے انجام دیا۔