نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت علامہ اقبال میڈیکل کالج میں اہم اجلاس
پنجاب کی عوام کیلئے پی آئی سی کی نوعیت کا اسٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہے ہیں
لاہور13 نومبر:نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت علامہ اقبال میڈیکل کالج میں اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی کے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر فرقد عالمگیر، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عائشہ عارف، ڈاکٹر زبیر اکرم، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان، ڈاکٹر عدنان علی، پروفیسر ارسلان مسعود، ڈاکٹر نور دستگیر، ڈاکٹر انعم مبارک اور آئی ڈیپ کے افسران نے شرکت کی۔نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔آئی ڈیپ کے افسران نے اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر صحت کو بریفننگ بھی دی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب کی عوام کیلئے پی آئی سی کی نوعیت کا اسٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ذاتی کاوش سے ٹراما سنٹر کی بجائے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 250 بستروں پر مشتمل ہو گا۔ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جناح ہسپتال لاہور کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی چھ منزلہ عمارت پر مشتمل ہو گا۔صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور جناح ہسپتال کے درمیان ایک انڈر گراؤنڈ ٹنل بھی بنائی جائے گی۔ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماسٹر پلان میں پارکنگ پلازہ اور ہیلی پیڈ کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ اس کارڈیالوجی ہسپتال بننے کے بعد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مریضوں کے رش میں واضح کمی ہوگی۔