ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل: نیوزی لینڈ اور انڈیا کل ممبئی میں آمنے سامنے
انڈیا 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کا کوئی ناک آؤٹ میچ کھیلے گا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم لگاتار چوتھی مرتبہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جلوہ گر ہوگی۔
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا سیمی کل یعنی بدھ کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
انڈیا 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کا کوئی ناک آؤٹ میچ کھیلے گا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم لگاتار چوتھی مرتبہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جلوہ گر ہوگی۔
اگر نیوزی لینڈ اس سیمی فائنل میں انڈیا کو ہرانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس طرح نیوزی لینڈ لگاتار تیسری مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ جائے گئی جبکہ یہ انڈیا کی ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مسلسل تیسری ہار ہوگی۔
دوسری جانب اگر انڈیا اس سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرا دیتا ہے تو 2011 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ انڈین ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی۔
دونوں ٹیمیں اس سے قبل 2019 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کو 18 رنز سے شکست دے دی تھی۔
یہاں واضح رہے 2019 کے ورلڈ کپ کی طرح اس مرتبہ بھی دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔
دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں پانچ مرتبہ نیوزی لینڈ جبکہ پانچ مرتبہ انڈیا کو جیت حاصل ہوئی۔
اسی طرح نیوزی لیںڈ اور انڈیا ون ڈے میچوں میں اب تک 117 مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں جس میں 59 مرتبہ انڈین ٹیم جبکہ 50 مرتبہ کیویز نے میدان مارا جبکہ ایک میچ برابر اور سات میچ بغیر نتیجہ رہے۔
پہلے سیمی فائنل کے دوران ممبئی میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی ہے اور میچ کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
خیال رہے نیوزی لینڈ اور انڈیا کے درمیان سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر کھیلا جائے گا۔