انٹرٹینمینٹ

’آئندہ ایسا نہیں کروں گا‘، نانا پاٹیکر نے مداح سے معافی کیوں مانگی؟

شنوجوان کو تھپڑ مارنے کی نانا پاٹیکر کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی جس کے بعد انہوں نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے اپنی ویڈیو پوسٹ کی۔

انڈین فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر نے ایک فلم شوٹنگ کے دوران جس لڑکے کو تھپڑ مارا وہ دراصل اُن کا مداح تھا جس کے بعد اُن کو معافی مانگنا پڑی ہے۔
شنوجوان کو تھپڑ مارنے کی نانا پاٹیکر کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی جس کے بعد انہوں نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے اپنی ویڈیو پوسٹ کی۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کی پوسٹ کی گئی ویڈیو میں نانا پاٹیکر واقعے پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے بتا رہے ہیں کہ جس لڑکے کو تھپڑ مارا گیا وہ فلم ٹیم کا رکن تھا اور اُس وقت سین ریکارڈ کیا جا رہا تھا مگر بعد میں معلوم ہوا کہ ایسا نہیں تھا۔
نوجوان کو تھپڑ مارے جانے کی ویڈیو اُن کے ایک دوست نے بنائی تھی جب وہ سیلفی لینے یا تصویر کھنچوانے کے لیے فلم کے سیٹ پر نانا پاٹیکر کے قریب گئے۔
ویڈیو میں نانا پاٹیکر ہندی میں بتا رہے ہیں کہ ’لڑکے کو تھپڑ مارنے کی میری ایک ویڈیو وائرل ہے۔ فلم کا ایک سین شوٹ کیا جا رہا تھا جس میں پیچھے سے ایک لڑکا آیا اور کہا کہ اے بدھو، ٹوپی بیچنی ہے۔ میں نے اُس کو پکڑا، تھپڑ مارا اور کہا کہ تمیز سے رہو، جس کے بعد وہ بھاگ نکلا۔‘
ویڈیو میں نانا پاٹیکر نے مزید بتایا کہ ’یہ سین فلم کا حصہ تھا اور ہم ایک ریہرسل کر چکے تھے، اور ہم دوسری بار اس کو شوٹ کرنے والے تھے۔ ڈائریکٹر نے مجھے کہا کہ شروع کریں۔ ہم دوسرا ٹیک لینے ہی والے تھے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والے لڑکا آیا۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ کون تھا۔ میں یہ سمجھا کہ وہ فلم کے عملے کا حصہ ہے اس لیے سین کے مطابق اُس کو تھپڑ مارا اور کہا کہ نکل جا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ فلم کے عملے کا حصہ نہیں تھا۔ تب میں نے اُس کو پکارنے کے لیے آواز دی مگر وہ بھاگ گیا۔ ممکن ہے کہ اُس کے دوست نے وہ ویڈیو بنائی ہو۔‘
نانا پاٹیکر کے مطابق انہوں نے کبھی کسی مداح کے ساتھ تصویر بنانے سے انکار نہیں کیا۔ ’میں ایسا نہیں کرتا۔ یہ سب غلط فہمی کے باعث ہوا۔ اگر کچھ غلط فہمی کے باعث ہوا ہے تو براہ کرم مجھے معاف کر دیں۔ میں ایسا کچھ آئندہ کبھی نہیں کروں گا۔‘

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button