وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر مختلف سرکاری ہسپتالوں کے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے،ڈاکٹر جاوید اکرم
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اچانک علی الصبح ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا
پاکستان لاہور:(نمائندہ وایس آف جرمنی) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اچانک علی الصبح ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایم آئی سی پروفیسر ڈاکٹر مجتبیٰ علی صدیقی اور ایم ایس بھی موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی، آپریشن تھیٹرز، ویٹنگ ایریاز، صحت کارڈ کاؤنٹرز و دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایم آئی سی پروفیسر ڈاکٹر مجتبیٰ علی صدیقی نے اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر مختلف سرکاری ہسپتالوں کے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کی آسانی کیلئے کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب میں سو سے زائد سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کامیابی سے جاری ہے۔سرکاری ہسپتالوں میں آنے والا ہر مریض ہمارے لئے وی وی آئی پی ہے۔ ہم پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پنجاب کی عوام تک صحت کی بہتر سہولیات پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
بعدازاں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے چلڈرن ہسپتال ملتان کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر رانا الطاف احمد، ڈین پروفیسر ڈاکٹر کاشف چشتی، ایم ایس ڈاکٹر کامران آصف بھی موجود تھے۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مختلف وارڈز میں جاکر مریض بچوں کی عیادت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت نے لواحقین سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اورصوبائی وزیرصحت نے ایم ایس کو بہترین طبی سہولیات کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت نے چلڈرن ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے تعمیراتی کاموں میں معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کی بہتری کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔