مشرق وسطیٰ

مشنری سکولوں کی واپسی کے پچیس سال مکمل ہونے پر ایمپریس روڈ کینیڈ اکیڈمی میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد

تعلیم کی ایسی شمع جلائی جائے ،جس سے ہر کوئی مستفید ہو چاہے وہ غریب ہو یا امیر۔ مسلم بچوں کے ساتھ دیگر مذاہبِ کے بچے ملکر تعلیم حاصل کر رہے ہیں

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): مشنری سکولوں کی واپسی کے پچیس سال مکمل ہونے پر ایمپریس روڈ کینیڈ اکیڈمی میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں سیکرٹری انسانی حقوق واقلیتی امور ڈاکٹر محمد شعیب اکبر، ریو رنڈ ڈاکٹر مجید ایبل ، پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ کے ممبران ، ایف سی کالج کی انتظامیہ، اوورسیز بورڈ ممبران اور دیگر شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں کینیڈ اکیڈمی ، کنیئرڈ سکول کے اساتذہ، طالبات اور سکول انتظامیہ نے میزبانی کے فرائض سر انجام دئیے ۔
طالبات کی جانب سے غیر ملکی وفد کا بینڈ بجاکر مختلف دھنوں کے ذریعے اعزازی استقبال کیا گیا۔
تقریب کی میزبانی کے فرائض ایگزیکٹو ڈائریکٹر پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ مسز ویڈا جاوید نے ادا کرتے ہوئے مشنری سکولوں کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ تعلیم کی ایسی شمع جلائی جائے ،جس سے ہر کوئی مستفید ہو چاہے وہ غریب ہو یا امیر۔ مسلم بچوں کے ساتھ دیگر مذاہبِ کے بچے ملکر تعلیم حاصل کر رہے ہیں جسکی وجہ سے ایک دوسرے کو برداشت کے کلچر کو فروغ ملتا ہے آپس میں پیار و محبت پروان چڑھتا ہے ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ایک بہترین ٹیم ورک کے نتیجے میں آج مشنری سکولوں کا رزلٹ 97 فیصد تک پہنچ چکا ہے جبکہ ولیج سکولوں میں بھٹہ مزدوروں کے بچے اور دیگر غریب طبقہ تعلیم حاصل کر رہا اور اسکالر شپس وغیرہ کے ذریعے اپنے تعلیمی اخراجات پورے کر رہا ہے ۔ سیکرٹری انسانی حقوق ڈاکٹر محمد شعیب اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ کی غیر معمولی کارکردگی پر پوری ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور امید کی جا سکتی ہے کہ مستقبل میں بھی اپنی شاندار خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی سفر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے اپنی بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔ ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے اپنے خطاب میں بورڈ ممبران کو پچیس سال مکمل ہونے کی خوشی میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے دور دراز کے ممالک سے آ نیوالے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشنری سکولوں کے انتظامات میں ساٹھ فیصد مسلم طلباء شامل ہیں۔ مجید ایبل نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ دن بھی جلد آ ئےگا جب رنگ محل ، حاجی پورہ اور راجہ بازار پنڈی کے بقیہ سکولوں کی بھی واپسی ممکن ہوگی اور تعلیم کا سفر مزید کامیابیاں سمیٹے گا۔ تقریب میں غیر ملکی وفد نے سکول کی بحالی کیلئے کاوشوں کو سراہا اور اردو میں قوالی پیش کر کے شرکاء کے دل جیت لیے ۔ تقریب میں طالبات نے رنگارنگ پرفارمینس کر کے مہمانوں کے دلوں کو لبھایا جبکہ طالبات کے موسیقی کے ہنر کو شرکاء کی جانب سے پزیرائی حاصل ہوئی۔ تقریب میں بیرون ممالک سے
ڈاکٹر مائیک میڈلے،شیرل برک،ڈیوڈ ہڈسن،شو ہڈسن ،کیتھرین کیمبل،جینی ہیرپ،مارک فورڈ،،ٹوم بونی،ایمی نکلسن،کیرولائن ہیبرل اور ایز درگل نے بھی مختصر خطاب کیا اور پچیس سال مکمل ہونے پر سبھی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ذندہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔ تقریب کے اختتام پر اوورسیز سے آئے ہوئے ممبران میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ مختلف طلباء میں تحائف تقسیم کیے گئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button