بلدیہ عظمی لاہور کی کارروائی، رشوت کیس میں ملوث بلڈنگ انسپکٹر نعمان کومعطل کر دیا
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر سی او علی بخاری نے بلڈنگ انسپکٹر کو معطل کرکے لوکل گورنمنٹ بورڈ کو سرنڈر اور پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کی سفارش کر دی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): بلدیہ عظمی لاہور نے رشوت کیس میں ملوث بلڈنگ انسپکٹر نعمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے معطل کر دیا ۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق بلڈنگ انسپکٹر نے وسیم لودھی ولد سلیم خان سے مکان کا نقشہ بنانے کے عوض 60 ہزار روپے بطور رشوت وصول کئے تھے اور رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر سی او علی بخاری نے بلڈنگ انسپکٹر کو معطل کرکے لوکل گورنمنٹ بورڈ کو سرنڈر اور پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کی سفارش کر دی۔اس حوالے سے ڈی سی لاہور نے کہا کہ غیر قانونی کاموں میں ملوث اہلکاروں اور افسران کی بلدیہ عظمی کی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں، کالی بھیڑ یں محکمے کے لیے بدنامی کا باعث ہیں، بد عنوان عناصر کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ انکوائری کی جائے گی۔ ڈی سی نے کہا کہ کرپشن و بد عنوانی میں ملوث افسران و ا ہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں،کرپشن اور اقربا پروری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے۔