پنجگور (بیورورپورٹ):پنجگور سٹی پولیس تھانہ کے ایس ایچ او ظہیر احمد نےبات کرتے ہوئے بتایا کہ ’مان کے مطابق: ’تمام مزدوروں کا تعلق پنجاب کے علاقے ملتان سے ہے جو محنت مزدوری کرنے کی غرض سے یہاں عارضی طور پر رہائش پزیر تھے۔‘
ایس ایچ او پولیس تھانہ پنجگور کا مزید کہنا تھا کہ ’مزدوروں کو رات نو بجے کے قریب اس وقت حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے مکان کی چار دیواری میں موجود تھے۔
’حملے کے بعد علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پہنچ گئے اور کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔‘
پنجگور سٹی پولیس تھانہ کے اہلکار شہزاد احمد نے بتایا کہ ’سٹی پولیس تھانے سے شمال کی جانب چھ کلو میٹر فاصلے پر واقع خدابادان نامی علاقے میں مزدوروں کو نشانہ بنایا گیا۔‘
تھانہ ایس ایچ او کے مطابق ’تمام لاشوں اور ایک زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔‘
ان کے مطابق: ’جاں بحق افراد کو سر اور جسم پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ قتل ہونے والے افراد ایک ہی علاقے سے تعلق رکھتے تھے اور رشتہ دار بتائے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’حملے میں جان سے جانے والے مزدوروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ جن میں ساجد، فیاض، خالد، شفیق احمد، افتخار احمد، سلمان، رمضان شامل ہیں جبکہ بلال نامی مزدور زخمی ہوا ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی پنجگور میں ہونے والے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق: ’وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور کے علاقے خدا بدان میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔‘
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’وزیراعظم نے فائرنگ کی نتیجے میں زخمی ہونے والے مزدوروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔‘
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پنجگور کے علاقے میں مزدوروں کے قتل کی مذمت کی ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی کا 7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصرکسی رعایت کے مستحق نہیں، تمام ترہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
جبکہ وزیراعلی بلوچستان سرفراز خان بگٹی اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بلوچستان میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے بے گناہ مزدوروں کو قتل کیا ہے جس کا حساب دنیا اور آخرت دونوں میں ہو گا۔
’بے گناہ مزدوروں کی کا قتل قابل مذمت ہے آج پھر دھرتی پر بے گناہوں کا لہو گرا ہے جو قابل افسوس ہے اور اس کا حساب لیں گے۔‘