بین الاقوامیتازہ ترین

اسرائیلی حملے: لبنان سے تقریباً ایک لاکھ افراد شام میں داخل

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی بمباری سے لبنان میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں

اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے تقریباً ایک لاکھ افراد لبنان سے فرار ہو کر شام پہنچ گئے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ دو روز میں دگنی ہو گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے ایکس پر لکھا ہے، ”اسرائیلی فضائی حملوں سے فرار ہو کر لبنان سے شام میں داخل ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔‘‘ ان کا خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا، ”لوگوں کی نقل مکانی ابھی جاری ہے۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین ‘یو این ایچ سی آر‘ نئے آنے والوں کی مدد کے لیے مقامی حکام اور (شامی ہلال احمر) کے ساتھ چار کراسنگ پوائنٹس پر موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ زدہ شام میں بڑے پیمانے پر مہاجرین کی آمد کا سلسلہ ایک ہفتہ قبل 23 ستمبر کو شروع ہوا تھا۔
اسرائیل نے حالیہ دنوں میں غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان پر بھی فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جن میں ایران کی علاقائی اتحادی حزب اللہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی بمباری سے لبنان میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 14 پیرا میڈیکس بھی شامل ہیں۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق جمعہ تک 30 ہزار افراد شام میں داخل ہو چکے تھے۔ اس ایجنسی کے نمائندے گونزالو ورگاس لوسا کے مطابق شام میں داخل ہونے والے تقریباً 80 فیصد شامی شہری ہیں جبکہ لبنانی شہریوں کی تعداد 20 فیصد بنتی ہے۔
انہوں نے نامہ نگاروں کو مزید بتایا، ”زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں، حالانکہ کچھ مرد بھی سرحد پار کر چکے ہیں۔ تقریباً نصف بچے اور نوعمر ہیں۔‘‘
انہوں نے زور دے کر کہا کہ فرار ہونے والے لوگ ”ایک ایسے ملک میں پہنچ رہے ہیں، جو گزشتہ 13 سال سے بھی زیادہ عرصے سے اپنے ہی بحران اور تشدد کے ساتھ ساتھ معاشی تباہی کا شکار ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی بمباری سے فرار ہونے والے لوگ تھکے ہارے اور صدمے سے دوچار ہیں جبکہ انہیں مدد کی اشد ضرورت ہے۔ امدادی تنظیموں کے مطابق بہت سے آنے والوں کو طبی دیکھ بھال کی بھی ضرورت ہے۔
اسرائیل نے حالیہ دنوں میں غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان پر بھی فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اسرائیل نے حالیہ دنوں میں غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان پر بھی فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے
لبنانی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 1.5 ملین شامی باشندوں نے لبنان میں پناہ لے رکھی ہے کیوں کہ شام سن 2011 سے خانہ جنگی کا شکار ہے۔
لبنان کی دن بدن کشیدہ ہوتی ہوئی صورت حال کے باعث دنیا کے دیگر ممالک نے بھی اپنے شہریوں سے یہ ملک چھوڑ دینے کی اپیل کی ہے جبکہ دنیا کی متعدد ایئرلائنز نے بھی لبنان میں اپنے آپریشن منسوخ کر دیے ہیں۔
جرمن وزارت خارجہ کے مطابق اس وقت تقریباً 1800 جرمن شہری لبنان میں موجود ہیں، جنہیں وہاں سے نکلنے میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
دفتر خارجہ نے مغربی کنارے، بیروت، تل ابیب اور رام اللہ میں جرمن مشنز کے لیے بحران کی سطح کو بڑھا دیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں تعینات عملے کے اہل خانہ کو بتدریج وہاں سے نکالا جائے گا اور اہلکاروں کی تعداد کو بھی کم کیا جائے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button