کاروبار

چوہدری شافع حسین کا چائنیز قونصلیٹ کا دورہ، چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرن سے ملاقات

چین اور پنجاب کے مابین زراعت،توانائی،ٹیکنیکل ایجوکیشن،ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چائنیز قونصلیٹ کا دورہ کیا۔چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرن سے ملاقات کی۔پنجاب میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری،چینی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی اور اگلے ماہ پنجاب کے اعلیٰ سطح کے وفد کے دورہ چین پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے معاہدے کی تجدید پر بھی بات چیت کی گئی۔چینی قونصل جنرل نے پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عندیہ دے دیا۔ملاقات میں چین اور پنجاب کے مابین زراعت،توانائی،ٹیکنیکل ایجوکیشن،،ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے،چین کی مزید سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔چین کے سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ چین کی متعدد سرمایہ کار کمپنیوں سے ملاقاتیں کرچکا ہوں۔ چین کی آئکو کمپنی کے ساتھ پنجاب میں سولر پینلز کی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا معاہدہ ہوچکا ہے ۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت کا الیکٹرک وہیکلز کے فروغ پر فوکس ہے جبکہ پنجاب الیکٹرک وہیکلز کی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کے حوالے سے چین کی کمپنی سے بات چیت جاری ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ پنجاب میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے گارمنٹ سٹی بنایا جارہا ہے۔
چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرن نے کہاکہ پنجاب میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری بڑھائیں گے،کوشش کریں گے کہ چین کی مزید کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کریں۔ژاؤ شیرن نے کہاکہ پنجاب کے اعلیٰ سطح کے وفد کے دورہ چین سے دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھے گا اور وفد کے دورہ چین کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button