بالی ووڈ سٹار شاہ رخ خان 92 کروڑ انڈین روپے کا ٹیکس ادا کرکے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر
شاہ رخ خان نے جنوری 2023 میں فلم ’پٹھان‘ سے بالی ووڈ میں واپسی کی تھی، جس نے دنیا بھر میں 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔
ممبئی(نمائندہ وائس آف جرمنی): ستمبر میں انڈیا میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی ان مشہور شخصیات کی فہرست جاری کی، جنہوں نے مالی سال 24-2023 کے لیے زیادہ ٹیکس ادا کیا۔رپورٹ کے مطابق 2023 میں تین بلاک بسٹر فلمیں دینے والے شاہ رخ خان نے گذشتہ برس 92 کروڑ انڈین روپے ٹیکس ادا کیا۔شاہ رخ خان نے جنوری 2023 میں فلم ’پٹھان‘ سے بالی ووڈ میں واپسی کی تھی، جس نے دنیا بھر میں 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔
ان کی اگلی فلم ’جوان‘ نے بھی بزنس کے اعتبار سے بہترین کارکردگی دکھا کر 1150 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔سال کی ان کی آخری ریلیز ’ڈنکی‘ اتنی کامیاب نہیں ہوئی تھی، لیکن پھر بھی یہ فلم 400 کروڑ روپے سے زیادہ کمانے میں کامیاب رہی تھی۔منافعے کے حصے اور کمائی نے شاہ رخ کو تقریباً ایک دہائی کے بعد انڈیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار بنا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جس مارجن سے وہ فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان شخصیت سے آگے تھے، وہ حیران کن تھا۔شاہ رخ کے بعد فہرست مین موجود اگلا نام تمل سٹار وجے کا ہے، جو مداحوں میں تھلپتی کے نام سے مشہور ہیں۔ 50 سالہ وجے نے سال 24-2023 میں 80 کروڑ انڈین روپے ٹیکس ادا کیا تھا۔ان کے بعد، فہرست میں موجود سلمان خان نے 75 کروڑ انڈین روپے، امیتابھ بچن نے 71 کروڑ انڈین روپے اور وراٹ کوہلی نے 66 کروڑ انڈین روپے ٹیکس ادا کیا۔رپورٹ میں سرفہرست خاتون سلیبریٹی کرینہ کپور تھیں، جو 20 کروڑ روپے ٹیکس ادا کرنے کے ساتھ ٹاپ 10 سے باہر ہیں۔