شام : شہریوں کی قید اور تشدد کے ذمہ داروں کو معافی نہیں ملے گی
شام کی نئی حکومت بنانے والی اپوزیشن کے اس رہنما نے یہ بیان ایسے موقع پر دیا ہے جب ہزاروں لوگوں کو بشار الاسد حکومت کی قائم کردہ جیلوں سے رہائی ملی ہے
شام کی نئی حکومت قائم کرنے والے گروپ ‘ھیتہ التحریر الشام’ کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے کہا ہے کہ شہریوں کو قید اور تشدد کا نشانہ بنانے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔
شام کی نئی حکومت بنانے والی اپوزیشن کے اس رہنما نے یہ بیان ایسے موقع پر دیا ہے جب ہزاروں لوگوں کو بشار الاسد حکومت کی قائم کردہ جیلوں سے رہائی ملی ہے اور مزید قیدیوں کے خاندان توقع رکھتے ہیں کہ ان کے رشتہ دار اور عزیز بھی جلد بدنام زمانہ جیلوں سے رہائی پا سکیں گے۔
ابو محمد الجولانی جو اب اپنے اصل نام احمد الشراء کے ساتھ منظر عام پر ہیں اور ‘ھیتہ التحریر الشام’ کے فوجی آپریشنز کے انتظامی ذمہ دار ہیں نے دوسرے ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان جرائم پیشہ عناصر کو واپس شام بھیجیں جو یہاں سے جرائم کے بعد بھاگ گئے ہیں تاکہ ان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔