انٹرٹینمینٹ

الحمرا آرٹس کونسل میں جاری صوفی فیسٹول کا دوسرا روز،صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت

تمام ادیان محبت، رواداری اور انسان دوستی کے علمبردار ہیں اور صوفیاء نے مذہب و مسلک کی تفریق سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی

(سید عاطف ندیم-پاکستان):محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام الحمرا آرٹس کونسل میں جاری صوفی فیسٹول کا دوسرا روز بھرپور رنگ و روپ میں جاری ہے، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے صوبائی وزیر کا خیرمقدم کیا جبکہ صوبائی وزیر نے فیسٹول کی کامیابی پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے فیسٹول کے شایان شان انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ اوقاف نے ’’صوفی فیسٹول‘‘ کا اہتمام کر کے ایک مستحسن قدم اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ادیان محبت، رواداری اور انسان دوستی کے علمبردار ہیں اور صوفیاء نے مذہب و مسلک کی تفریق سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھ مذہب کی تاریخ حضرت میاں میرؒ اور حضرت بابا فرید گنج شکرؒ کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔ صوفیاء اخوت، مساوات، بھائی چارے اور انسان دوستی کے امین تھے اور وہ بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کی ترویج کے علمبردار ہیں۔
فیسٹیول سے اپنے خطاب میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے کہا کہ صوفیاء نے اپنی تعلیمات کے ذریعے مذہبی رواداری کو فروغ دیا اور لوگوں کے درمیان محبت کی فضا قائم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیسٹول کا مقصد صوفیاء کی تعلیمات کو اجاگر کرنا اور ان کے پیغامات کو عوام تک پہنچانا ہے۔
فیسٹول میں صوفی آرٹ اینڈ کرافٹ، رنگ رومی، صوفی گائیکی، سماع، ڈھول دھمال سمیت دیگر ثقافتی پروگرامز جاری ہیں، جن کا مقصد صوفیانہ ثقافت کی مختلف جہتوں کو سامنے لانا ہے۔ صوفی فنکار اپنے مخصوص علاقائی انداز میں صوفیانہ گائیکی، ڈھول دھمال، سماع اور دیگر پرفارمنسز کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جو ایک روز مزید جاری رہیں گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button