
پاکستان پنجاب گورنمنٹ:تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کو خصوصی بچوں کا درجہ دیا جائے۔سپیکر ملک محمد احمد خان
ہر جوڑے کو شادی سے پہلے تھیلیسیمیا ٹیسٹ ضرور کروانا چاہیے تاکہ تھیلیسیمیا کو شکست دی جا سکے
(سید عاطف ندیم-پاکستان):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی خصوصی دعوت پر سندس فاؤنڈیشن کے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے وفد نے پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا۔ وفد میں سندس فاؤنڈیشن کے صدر یاسین خان، سی ای او عبدالستار، منیجر مارکیٹنگ عمران مہر اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔وفد کے بچوں نے پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان کا دورہ کیا اور اہم اجلاس کے مقامات کا مشاہدہ کیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے بچوں کا استقبال کیا اور انہیں اپنے چیمبر میں خصوصی ملاقات کے لیے مدعو کیا۔ملاقات کے دوران وزیر صحت خواجہ عمران نذیر بھی موجود تھے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے تھیلیسیمیا کے خاتمے کے لیے قانون سازی کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی کروائی اور سندس فاؤنڈیشن کے لیے ہر ممکن مالی معاونت فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سپیکر ملک محمد احمد خان کو تھیلیسیمیا سینٹر کے قیام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہر ضلع میں تھیلیسیمیا سینٹر قائم کیا جائے گا، اور سندس فاؤنڈیشن کی ماہرین کی رائے کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہر جوڑے کو شادی سے پہلے تھیلیسیمیا ٹیسٹ ضرور کروانا چاہیے تاکہ تھیلیسیمیا کو شکست دی جا سکے۔ تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کو خصوصی بچوں کا درجہ دیا جائے گا اور پنجاب اسمبلی میں فوری طور پر اس حوالے سے قانون سازی کی جائے گی۔وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ سندس فاؤنڈیشن میرا اپنا ادارہ ہے، اور اس سے تعاون کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ ہم سندس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر تھیلیسیمیا جیسی خطرناک بیماری کا خاتمہ کریں گے۔یہ ا قدام پنجاب حکومت کے صحت کے شعبے میں اصلاحات اور بیماریوں کے خاتمے کے عزم کا عکاس ہے۔