مشرق وسطیٰ

پاکستان:‌پنجاب حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ عملی اقدامات کیے ہیں، سردار رمیش سنگھ اروڑہ

"ہم اقلیتی بچوں کے لیے ای۔لرننگ پروگرام بھی شروع کر رہے ہیں جبکہ 2 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں، سکالرشپ پروگرام میں بھی اقلیتی بچوں کا قابل قدر حصہ رکھا گیا ہے۔"

(سید عاطف ندیم-پاکستان): وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ نارووال میں مسیحی برادری میں امدادی چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی کی جبکہ اس موقع پر مختلف اقلیتی برادری کے افراد اور سیاسی رہنماء بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ "پنجاب حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ عملی اقدامات کیے ہیں۔ آج نارووال میں 500 گھرانوں کو امدادی چیکس مل رہے ہیں جب کہ پہلے صرف 90 گھرانوں کو امداد ملتی تھی۔ اقلیتی کارڈ کی وجہ سے ہمارے اقلیتی بھائی بہنوں کو بہت بڑی نعمت ملی ہے۔ اس سال ہم نے حکومت پنجاب سے نارووال کی اقلیتی برادری کے لیے ساڑھے اکتیس کروڑ روپے کے فنڈز جاری کروائے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "ہم اقلیتی بچوں کے لیے ای۔لرننگ پروگرام بھی شروع کر رہے ہیں جبکہ 2 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں، سکالرشپ پروگرام میں بھی اقلیتی بچوں کا قابل قدر حصہ رکھا گیا ہے۔”
وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب اپنے خطاب میں کہا، "مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ عوامی فلاح اور ترقی کے منصوبے شروع کیے ہیں۔ جب ہماری حکومت آئی تھی، ملک لاقانونیت اور توانائی بحران میں ڈوبا ہوا تھا، لیکن ہم نے ان مشکلات پر قابو پایا۔ 2018 میں ملک کی معیشت بدترین حالات میں تھی، لیکن ہم نے فوری اقدامات کے ذریعے اسے سنبھالا۔”
احسن اقبال نے عمران خان کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا، "عمران خان کے چار سال پاکستان کے لیے ایک عذاب تھے۔ مہنگائی کا جن، جسے ہم نے بوتل میں بند کیا تھا، عمران خان کی حکومت میں باہر آگیا اور ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب گیا۔” انہوں نے کہا، "ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملک کو بچایا اور مشکل فیصلوں کے باوجود پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا۔ آج مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور ملکی معیشت کی سمت درست ہو چکی ہے۔احسن اقبال نے نارووال کے ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "نارووال آج علم کے شہر کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔ اس سال ہم نے نارووال میں میڈیکل کالج کا آغاز کیا ہے اور تعلیم کے شعبے میں ترقی کے نئے دروازے کھولے ہیں۔ تقریب میں چئیرمین بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم بٹ اور ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا کے ہمراہ مسیحی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button