پاکستان

فاطمہ جناح جیسی عظیم خواتین نے ، خواتین کو بااختیار بنانے کی راہ ہموار کی۔پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر

خواتین کے حقوق کی بات وہاں کریں جہاں مرد زیادہ ہوں تاکہ وہ خواتین کے حقوق سے متعلق جان سکیں۔ پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء

(ڈاکٹر جعفر محمود شیخ-پاکستان): محکمہ انسانی حقوق کی جانب سے ہوم اکنامکس یونیورسٹی لاہور میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سونیا عاشر نے کہا کہ ہمیں خواتین کے تمام کرداروں میں ان کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں خواتین کا کردار ناگزیر ہے، آج وطن عزیز کے ہر شعبے میں خواتین اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہی ہیں، فاطمہ جناح جیسی عظیم خواتین نے ، خواتین کو بااختیار بنانے کی راہ ہموار کی۔
اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء کا کہنا تھا کہ ہوم اکنامکس یونیورسٹی خواتین کو تعلیم کے ساتھ پیشہ وارانہ تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے اور تعلیم یافتہ خواتین ہی ہمارے سماج کا روشن مستقبل ہیں۔ کانفرنس کے دوران پینل ڈسکشن کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جس میں ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف نے کہا کہ خواتین کے حقوق جاننے کے لیے ہمیں قرآن اور سیرت نبوی کا مطالعہ کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کی بات وہاں کریں جہاں مرد زیادہ ہوں تاکہ وہ خواتین کے حقوق سے متعلق جان سکیں۔ طالبات سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہیومن رائٹس اینڈ اقلیتی امور علی بہادر نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو ترقی کے مواقع دینے کے لیے اہم اقدامات اُٹھا رہی ہے اور خواتین کے عالمی دن پر اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنا یا جائے گا اور اس کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور رضوانہ نوید نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خواتین کو بااختیار بنانے کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم ستون ہیں اور ان کی ترقی سے ہی پورا معاشرہ ترقی کر سکتا ہے۔پینل مذاکرے میں شریک ایم پی اے سنبل ملک نے کہا کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہ پہلی خاتون تھیں جو تجارت کرتی تھیں، اسلام نے روز اول سے ہی خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیشہ وارانہ تعلیم خواتین کے مضبوط مستقل کی ضمانت ہے۔ خواتین کے عالمی دن پر پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرزیب النساء کی زیر قیادت آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا، واک میں یونیورسٹی کی جانب سے خواتین کی خواندگی پر خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا اور اس کے لیے عملی اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔ کانفرنس میں خاتون محتسب پنجاب نبیلہ خان، پروفیسر تسنیم کوثر، پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، پنجاب ورلڈ فوڈ کی صوبائی سربراہ ڈاکٹر عمارہ خان، ڈاکٹر ارم رباب، لائبہ بٹ سمیت پنجاب یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ کرام نے بھی شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button