
نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا بائیکاٹ جمہوری رویوں کے منافی ہے‘ ملک محمد احمد خان
اگر صوبائی حکومت سکیورٹی فورسز کو آپریشن سے روکتی ہے تو حالات کی ذمہ داری بھی قبول کرے‘ اسپیکر پنجاب اسمبلی
(سید عاطف ندیم-پاکستان): اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا بائیکاٹ جمہوری رویوں کے منافی ہے، عمران خان نے بطور وزیراعظم بھی قومی سلامتی کمیٹی میں شرکت سے انکار کیا، عمران خان کے ساتھ صرف افراتفری، انتشار اور گھیرا ئوجلا ئوجیسی چند باتیں جڑی ہوئی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی افواج بہادر اور عوام ثابت قدم ہیں۔
انہوںنے کہاکہ روزانہ سکیورٹی فورسز پر حملے ہو رہے ہیں، صورتحال تشویشناک ہے، پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، ملک کو اس وقت اتحاد کی اشد ضرورت ہے، پارلیمانی کمیٹی کی حیثیت کو کمزور کرنا قومی مفاد کے خلاف ہے۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومتیں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں، پاکستان کی گورننس میں بڑے پیمانے پر ریفارمز ناگزیر ہیں، اگر صوبائی حکومت سکیورٹی فورسز کو آپریشن سے روکتی ہے تو حالات کی ذمہ داری بھی قبول کرے۔