
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیراعظم شہبازشریف نے عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ قوم کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطرکی مبارکباد پیش کرتا ہوں یہ دن ہمیں خوشی، شکرگزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے، رمضان میں تقویٰ، صبر اور قربانی کی جوتربیت ملی اسے جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں ہمیں ہر قسم کی انتہاپسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہو گا، ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہمیں متحد ہونا ہو گا، ملک کےخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت، معاشرت اورقومی یکجہتی مستحکم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے حکومت ملک کی اقتصادی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے امن و امان کے قیام اور سماجی استحکام کے لیے کوششیں کررہے ہیں ہمیں چاہیے کہ متحد ہو کر اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف ایک جنگ سے گزر رہا ہے پاک فوج کےافسران، جوان امن وامان کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کر رہے ہیں آج کے دن ہم تمام شہدا کی بلندی درجات کےلیے دعاگو ہیں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں، آج کےدن ہم جعفرایکسپریس سانحے کےشہیدوں کےلئے بھی دعاگو ہیں اللہ شہدا کے درجات بلند فرمائے، پسماندگان کےغم میں برابر کےشریک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہیں ہمیں اپنے ان مظلوم بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ظلم وبربریت کا شکار ہیں پاکستان ہمیشہ فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کےساتھ کھڑا ہےاور رہے گا، عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، بےگناہ مسلمانوں کی دادرسی کرے۔
وزیر اعظم پاکستان اور ازبکستان کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ازبکستان کے صدر عزت مآب شوکت مرزیوئیف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزیراعظم نے ازبک صدر اور ازبکستان کے عوام کو عید کی مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے عوام کی امن و خوشحالی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق صدر شوکت مرزیوئیف نے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو بھی عید کی مبارکباد دی۔ دونوں رہنمائوں نے فروری میں وزیر اعظم کے کامیاب دورہ ازبکستان کے بعد دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے متعدد شعبوں میں پاکستان۔ازبکستان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دورے کے دوران کئے گئے اہم فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں پیش رفت کے حوالے سے دونوں فریقوں کی جانب سے باہمی طور پر شناخت کیے گئے اہداف کا ایک ”روڈ میپ” وضع کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا آئندہ دورہ ازبکستان ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مفید ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم نے صدر شوکت مرزیوئیف کو جلد ہی پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم پاکستان اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شام جمہوریہ آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے صدر، ان کے خاندان اور آذربائیجان کے برادر عوام کے لیے عید کی دلی مبارکباد دی اور پرتپاک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے امن اور خوشحالی کی دعا کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم کے گزشتہ ماہ باکو کے دورے کی بنیاد پر دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات اپریل کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد کا دورہ کریں گے اور وزیر اعظم پاکستان اور نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ دونوں فریقوں کے درمیان سرمایہ کاری کے اہم معاہدوں کو حتمی شکل دینے کو یقینی بنائے گا۔ اس طرح اپریل کے مہینے میں صدر عزت مآب الہام علیوف کے متوقع دورہ اسلام آباد کے لیے معاملات طے ہونگے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر الہام علیوف کا آئندہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا کیونکہ دونوں ممالک 2 ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کے باہمی سود مند معاہدوں پر دستخط کریں گے جس سے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کے نئے باب کا آغاز ہو گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کویت کے ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد عزت مآب شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کویت کے ولی عہد کے ساتھ ساتھ امیر کویت عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور کویت کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت کے ساتھ باہمی تعاون کے لیے اپنے خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔
انہوں نے گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ولی عہد کے ساتھ اپنی گرمجوش اور نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے قریبی تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ولی عہد کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی انتہائی پُرخلوص دعوت دی،کویتی ولی عہد نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ پاکستان سے قبل کویتی وزیراعظم پاکستان کا دورہ کریں گے۔ عزت مآب صباح الخالد الحمد المبارک الصباح نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے اور خوشحالی کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔