
(سید عاطف ندیم-پاکستان):پاکستان کے دارالحکومت اور اس کے گرد و نواح میں مقیم افغان باشندوں کو رضاکارانہ طورپر وہاں سے نکل جانے کی دی گئی ڈیڈ لائن آج بروز پیر ختم ہو رہی ہے۔ تاہم اسے دس اپریل تک موخر کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی دارالحکومت اور اس کے گرد و نواں میں آباد افغان باشندوں کو مارچ کی اکتیس تاریخ تک رضا کارانہ طور پر اس علاقے کو خالی کر دینے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ پیر کو اس ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد یکم اپریل سے ایسا نہ کرنے والوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہونا تھا تاہم اب اس میں توسیع کر دی گئی ہے۔
پاکستانی حکام نے رواں سال 30 لاکھ افغان باشندوں کو ملک بدر کر دینے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں جن میں زیادہ تر افغان باشندے شامل ہیں، کی ملک بدری کا سلسہ اکتوبر 2023ء میں شروع کیا گیا تھا۔ اس مہم کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں، کابل کی طالبان حکومت اور اقوام متحدہ کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا۔