
حافظ آباد میں 08 بچوں کو تشویشناک حالت میں لایا گیا جن میں سے 03 بچے جانبر نہ ہو سکے،رمیش سنگھ اروڑہ نے عیادت کی
واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے
(سید عاطف ندیم-پاکستان): صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے چلڈرن ہسپتال لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حافظ آباد سے لائے گئے ان معصوم بچوں کی عیادت کی جنکو مبینہ طور پر زہریلی مٹھائی کھانے کے باعث تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق، گزشتہ رات ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد میں 08 بچوں کو تشویشناک حالت میں لایا گیا جن میں سے 03 بچے جانبر نہ ہو سکے۔ باقی 05 بچوں کو بہتر طبی سہولیات کے لیے فوری طور پر چلڈرن ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا۔
صوبائی وزیر نے بچوں کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال کے ایم ایس کو ہدایت کی کہ متاثرہ بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ہسپتال انتظامیہ نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بچوں کی حالت میں بہتری آ رہی ہے اور ان کے علاج و معالجہ میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او حافظ آباد سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ معصوم بچوں کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔ ایسے دلخراش واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مزید برآں، محکمہ اقلیتی امور واقعے کی مکمل نگرانی کر رہا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔