
چیئرمین نیب کا احسن اقدام؛ پیشہ وارانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنیوالے آفیسر کیلئے تعریفی مراسلہ چیف سیکرٹری، پنجاب کو ارسال
اربوں روپے مالیت کی مکمل اراضی واگزار کروا کر آفیشل ایمپلائیز کووآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے حق میں بحال کر دی گئی
(سید عاطف ندیم-پاکستان): چیئرمین نیب کی جانب سے فرائض کی ادائیگی میں پیشہ وارانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے اسسٹنٹ رجسٹرار (ہائوسنگ۔V)، جہانزیب اکبر کی خدمات کو سراہتے ہوئے تعریفی مراسلہ چیف سیکرٹری، پنجاب کو ارسال کیا گیا ہے اور تجویز دی گئی ہے کہ تعریفی مراسلہ کو مذکورہ آفیسر کے سروس ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے آفیشل ایمپلائیز کووآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی لمیٹڈ اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران و دیگر کے خلاف انکوائری کی گئی جس میں ہونیوالے انکشاف کے مطابق اربوں روپے مالیت کی 204 کنال 3 مرلہ اراضی واقع موضع مانک اور موضع بھائی کوٹ، تحصیل رائیونڈ، ضلع لاہورغیرقانونی طور پرمیسرز بحریہ ٹائون کے حوالہ کی گئی تاہم فراڈ پر مبنی اس انتقال کی بروقت اطلاع اسسٹنٹ رجسٹرار (ہائوسنگ۔V) نے متعلقہ سرکل رجسٹرار کو فراہم کی۔ مذکورہ آفیسر کی بروقت اطلاع کے باعث نیب انکوائری کے دوران ہی اربوں روپے مالیت کی مکمل اراضی واگزار کروا کر آفیشل ایمپلائیز کووآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے حق میں بحال کر دی گئی۔
چیئرمین نیب کی جانب سے اسسٹنٹ رجسٹرار (ہائوسنگ۔V)، جہانزیب اکبر کے قابلِ ستائش پیشہ وارانہ اقدام کے پیشِ نظر اور قانون کی بالادستی کے لئے ان کی دیانت داری اور عزم کو سراہا گیا جسکے اعتراف میں تعریفی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ مراسلہ میں مذکورہ بالا آفیسر کی لگن اور پیشہ وارانہ مہارت کو دیگر سرکاری افسران کے لئے ترغیب کا باعث گردانا گیا ہے اور یہ تجویز دی گئی ہے کہ تعریفی مراسلہ کو مذکورہ آفیسر کے سرکاری سروس ریکارڈ میں بطور ستائش محفوظ کیا جائے تاکہ دیگر افسران بھی عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے مزید چوکنا رہیں۔