
صوبائی وزیر بلال یاسین نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا
تمام تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار اور جدید ٹیکنالوجی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ طویل المدتی فوائد فراہم کر سکے۔ بلال یاسین
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیر ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین کی بابا گراؤنڈ اسلام پورہ آمد کے موقع پر وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد، وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز اور حلقہ عمائدین نے استقبال کیا،صوبائی وزیر بلال یاسین نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا،ایم ڈی واسا غفران احمد نے بریفنگ میں بتایا کہ 55 ایکڑ رقبے پر محیط آبادی 10 لاکھ گیلن سٹوریج کے زیر زمین واٹر ٹینک سے مستفید ہوگی ،وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے کہا کہ زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر سے ملحقہ آبادیوں کے نکاسی آب کے مسائل میں واضح کمی آئے گی،پانڈو سٹریٹ ،اسلام پورہ بازار، نیلی بار چوک، ساندہ روڈ سمیت دیگر علاقوں کے رہائشیوں کو اب بارش زحمت نہیں ،رحمت لگے کی،عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ مون سون بارشوں کے سیزن میں گردونواح کی گلیاں،محلے اور سڑکیں بارشی پانی سے بھر جاتے تھے، انشاء اللہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور کے نشیبی علاقوں میں پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جائے گی،لاہور میں 10 واٹر ٹینکس کی تعمیر سے نکاسی آب کا بڑا مسئلہ جلد حل کے قریب ہے،پنجاب کے تمام اضلاع میں صاف پانی، نکاسی آب اور سڑکوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے عوام الناس کے مسائل کے فوری حل کے احکامات دیے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے منصوبے کو تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مون سون سے قبل اس کو مکمل کرنے کی ہدایات دیں، بلال یاسین نے واضح کیا کہ تمام تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار اور جدید ٹیکنالوجی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ طویل المدتی فوائد فراہم کر سکے۔ منصوبے کے دوران مقامی آبادی کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، اس کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں۔