
پنجاب پولیس میانوالی اور سی ٹی ڈی کا مکڑوال میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن
10 سے زائد دہشت گرد جہنم واصل، مزید دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، ترجمان پنجاب پولیس
(سید عاطف ندیم-پاکستان): پنجاب پولیس میانوالی اور سی ٹی ڈی نے مکڑوال میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں 10 سے زائد دہشت گرد جہنم واصل ہوئے اور مزید دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے مقامی شخص ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا جس کو علاج معالجے کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آر پی او سرگودھا ریجن محمد شہزاد آصف خان اور ڈی پی او میانوالی اختر فاروق کی سپرویژن میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ڈی پی او میانوالی اختر فاروق سمیت پولیس اور سی ٹی ڈی کے تمام افسران و اہلکار مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف شاندار کامیابی پر میانوالی پولیس کو شاباش دی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر دم لیں گے۔