
(سید عاطف ندیم-پاکستان):پہلگام میں حملے کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے، پاکستانی سفارتی عملے کو کم کرنے اور واہگہ سرحد بند کرنے جیسے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد نے بھی بھارت کے خلاف جوابی اقدامات کرنے کی بات کہی ہے۔
پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام واقعے کے بعد انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔
جموں و کشمیر پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد بھارت کے پانچ بڑے فیصلے:
1. سندھ طاس معاہدہ 1960 کو فوری طور پر معطل کیا جا رہا ہے، جب تک کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کی حمایت کو قابلِ اعتبار اور ناقابلِ واپسی طور پر ترک نہ کر دے۔
2. اٹاری کا مربوط چیک پوسٹ فوری طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ وہ افراد جو جائز اجازت نامے کے ساتھ سرحد پار کر چکے ہیں، انہیں 1 مئی 2025 سے پہلے اسی راستے سے واپس آنے کی اجازت دی جائے گی۔
3. پاکستانی شہریوں کو SAARC ویزا چھوٹ اسکیم کے تحت بھارت سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستانی شہریوں کو دیے گئے تمام SPES ویزے منسوخ تصور کیے جائیں گے۔ بھارت میں موجود SPES ویزا ہولڈرز کو 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔
4. پاکستانی ہائی کمیشن دہلی میں تعینات دفاعی، فوجی، بحریہ، اور فضائی مشیران کو ناپسندیدہ شخصیت (persona non grata) قرار دیا گیا ہے۔ انہیں ایک ہفتے کے اندر بھارت چھوڑنا ہو گا۔
5. بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد سے بھارت اپنے دفاعی، بحریہ اور فضائی مشیروں کو واپس بلا رہا ہے۔ یہ عہدے اب ختم تصور کیے جائیں گے۔
پاکستان نے بھارت کو اپنے جوابی فیصلوں سے تحریری آگاہ کر دیا
سفارتی ذرائع کے مطابق , پاکستان نے ایک ڈی مارش بھی بھارتی ناظم الامور کے حوالے کیا,دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو باضابطہ تحریری طور پر پاکستان کے فیصلوں سے آگاہ کر دیا,بھارتی ہائی کمشن کے ڈیفنس, ائیر اور نیول اتاشی کو ناپسندیدہ قرار دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔
بھارتی ڈیفنس, نیول اور ائیر اتاشی و سپورٹنگ سٹاف کو پاکستان چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا, پاکستان بھارتی ناظم الامور کو سفارتی تعلقات نچلی سطح پر لانے کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا گیا,بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کو 30 افراد تک محدود کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا، بھارتی ناظم الامور کو تحریری طور پر فیصلوں سے آگاہ کیا کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے, واہگہ چیک پوسٹ بند کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا, پاکستان نے بھارت کو باضابطہ تمام بھارتی کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کر دیا۔
علاوہ ازیں بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی یک طرفہ معطلی کے جواب میں شملہ و دیگر پاک بھارت معاہدے معطل کرنے کے امکانات سے بھی آگاہ کیا گیا, پاک بھارت تجارت بشمول بلواسطہ تجارت کی معطلی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا، فیصلے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں سول و عسکری قیادت کی ہدایات کی روشنی میں کیے گیے ہیں۔
ماضی میں بھارت کی تخریب کاری
پاکستان بھارت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ حملے کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ ماضی میں فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی پائلٹ ابھینندن کی گرفتاری اس کا واضح ثبوت ہے، جو بھارت کو آج تک یاد ہے۔ پاکستان نے ایران-افغان سرحد پر کلبھوشن یادیو جیسے ایک اور جاسوس کو گرفتار کیا ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے تانےبانے بھارت سے جُڑتے ہیں۔بھارت کی پشت پناہی میں بلوچستان میں تخریبی کارروائیاں ہو رہی ہیں اور جعفر ایکسپریس جیسے واقعات میں ملوث عناصر کو بھارت نے پناہ دی ہوئی ہے۔
ٹی ٹی پی اور علیحدگی پسندوں سے روابط
ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں کے بھی بھارت سے تعلقات کے ثبوت موجود ہیں۔ بلوچستان کے علیحدگی پسند بھارت جا کر علاج کرواتے ہیں، جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ بھارت ان کی معاونت کر رہا ہے۔
پہلگام واقعے پر بھارت کو خود احتسابی کی ضرورت
بھارت کو چاہیے کہ وہ دوسروں پر الزام لگانے کی بجائے واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کرے۔یہ حملہ بھارت کا خود ساختہ "فالس فلیگ آپریشن” ہے، تاکہ پاکستان پر الزام تراشی کی جا سکے۔ اگر مقبوضہ کشمیر میں عام شہری مارے جا رہے ہیں تو سات لاکھ بھارتی فوج وہاں کیا کر رہی ہے؟
پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا متاثرہ ملک
پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے اور یہ ملک دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔پاکستانی افواج ہر محاذ پر دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں اور پاکستان کبھی بھی دہشت گردی کو فروغ دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
وہ لمحات جب بھارت کو پاکستان کے خلاف سبکی کا سامنا کرنا پڑا
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی ایک طویل تاریخ ہے، جس میں کئی مواقع ایسے آئے جب بھارت نے جارحیت کی راہ اپنائی، مگر ہر بار پاکستان نے نہ صرف بھرپور دفاع کیا بلکہ بھارت کو ایسی شکست دی جس نے اسے عالمی سطح پر شرمندگی سے دوچار کیا۔ چند ایسے تاریخی لمحات کا جائزہ لیتے ہیں جب جب بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں سبکی اٹھانا پڑی۔
1965 کی جنگ: بھارتی آرمی چیف کا خواب، لاہور میں چائے؟
بھارتی آرمی چیف جنرل جے این چودھری نے 1965 کی جنگ سے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ ہم شام کی چائے لاہور میں پئیں گے۔ لیکن پاک فوج نے ان کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔ صرف لاہور ہی نہیں، سیالکوٹ، چونڈہ اور دیگر محاذوں پر بھی بھارتی فوج کو پسپا ہونا پڑا۔
چونڈہ کا میدان دنیا کی سب سے بڑی ٹینکوں کی لڑائیوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں پاکستانی جوانوں نے بھارتی ٹینکوں کا قبرستان بنادیا تھا۔
ایم ایم عالم: 5 بھارتی جہاز، ایک منٹ میں تباہ
7 ستمبر 1965 کو اسکواڈرن لیڈر محمد محمود عالم نے تاریخ رقم کی۔ انہوں نے F-86 سیبر طیارے میں سوار ہو کر صرف 60 سیکنڈ میں بھارتی فضائیہ کے 5 ہنٹر طیارے مار گرائے اور بھارتی فضائیہ کی کمر توڑ دی تھی۔
یہ کارنامہ آج بھی عالمی فضائی جنگی ریکارڈز میں ایک مثال کے طور پر درج ہے۔
ایٹمی دھماکے: چاغی کا گونجتا ہوا جواب
11 اور 13 مئی 1998 کو بھارت نے پوکھران میں ایٹمی دھماکے کیے۔ وزیر اعظم واجپائی نے انہیں بھارت کی تاریخی کامیابی کہا اور احساس برتری میں پڑوسیوں کو چوکنا رہنے کی ذومعنی بات بھی کی۔ لیکن 28 مئی کو وزیر اعظم نواز شریف نے بلوچستان کے مقام چاغی میں 5 دھماکوں کے ذریعے بھارت کو کرارا جواب دیکر جوہری برتری کا خواب خاک میں ملادیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے 28 مئی 1998 کو کہا تھا کہ ’ہم نے ایٹمی دھماکے نہیں کیے، ہم نے قوم کی غیرت کو زندہ کیا ہے‘۔ یہ دن یومِ تکبیر کے نام سے یادگار بن گیا، اور جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بحال ہو گیا۔
کلبھوشن یادیو: بھارت کا جاسوس رنگے ہاتھوں پکڑا گیا
2016 میں بلوچستان سے بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا، جو پاکستان میں دہشتگردی اور تخریب کاری کے نیٹ ورک کا حصہ تھا۔
اس نے خود ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ میں بھارتی نیوی کا افسر ہوں اور را کے لیے کام کرتا ہوں۔ اس اعترافی بیان اور ثبوتوں کے بعد بھارت کو دنیا کے سامنے صفائیاں دینا پڑیں، اور پاکستان نے ایک بار پھر سفارتی میدان میں بازی مارلی۔
یہ گرفتاری بھارت کے لیے زبردست سفارتی شرمندگی کا باعث بنی اور پاکستان کے مؤقف کو دنیا بھر میں تقویت ملی۔
ابھینندن کا انجام: ’ٹی از فنٹاسٹک‘
فروری 2019 میں بھارت نے لائن آف کنٹرول عبور کر کے بالاکوٹ پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کیا۔ پاکستان نے اگلے ہی دن بھرپور جوابی کارروائی کی اور 2 بھارتی طیارے مار گرائے۔ بھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھامن گرفتار ہوا اور جب ویڈیو میں اسے چائے پیش کی گئی تو اس نے کہا تھا ’ٹی از فنٹاسٹک‘۔
پاکستان نے بعد ازاں اسے امن کے پیغام کے طور پر رہا کردیا تھا، جس پر عالمی سطح پر پاکستان کو سراہا گیا جبکہ بھارت کو آج تک سبکی اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس واقعے نے بھارت کے تمام بیانیے کی قلعی بھی کھول دی اور پاکستان نے اس پائلٹ کو رہا کر کے دنیا بھر میں سفارتی اخلاقیات کی مثال قائم کی۔
’اے وطن تو نے پکارا تو لہو کھول اُٹھا‘
بھارت جب جب پاکستان پر برتری کا خواب لے کر آیا، اسے منہ کی کھانا پڑی۔ پاکستان نے نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی اور دفاعی میدان میں بھی ہر موقع پر اپنی برتری منوائی۔آج بھی دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، خوددار اور پرعزم قوم ہے، جو اپنے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔