
(سید عاطف-پاکستان):پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے بھارتی میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بھارت نے ایک پاکستانی ایف-16 طیارہ مار گرایا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام دعوے جھوٹ، بے بنیاد اور عوام کو گمراہ کرنے کی ایک منظم مہم کا حصہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے ہاروپ ڈرونز کے ذریعے کیے گئے حملے مکمل طور پر ناکام رہے، جس کے بعد بھارت شدید مایوسی اور کنفیوژن کا شکار ہو چکا ہے۔ پے در پے عسکری ناکامیوں نے نہ صرف بھارت کی عسکری حکمتِ عملی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے بلکہ اس کی قیادت کو غیر معقول اقدامات پر بھی مجبور کر دیا ہے۔
معتبر دفاعی تجزیہ نگاروں کے مطابق بھارت اب اپنے داخلی سیاسی دباؤ اور عالمی تنقید سے توجہ ہٹانے کے لیے راجستھان، پٹھان کوٹ اور مقبوضہ کشمیر جیسے علاقوں میں فرضی حملوں کا ڈرامہ رچانے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ پاکستان کے خلاف کسی بڑی جارحیت کا جواز پیدا کیا جا سکے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک غیر رسمی بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور دشمن کے ہر مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر جارحیت مسلط کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘‘
پاکستانی عوام اور عالمی برادری سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارتی میڈیا کی منفی اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا مہم کا شکار نہ ہوں۔