یمن میں عدن کے ہوائی اڈے کے قریب کاربم دھماکہ، 12 افراد ہلاک
یمن کے عبوری دارالحکومت عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے گیٹ کے قریب کار بم دھماکے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
یمن کے عبوری دارالحکومت عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے گیٹ کے قریب کار بم دھماکے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ایک مقامی ذریعے نے العربیہ نیوز چینل کو بتایا کہ ہوائی اڈے کے بیرونی گیٹ کے سامنے ایک سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب کار بم دھماکا ہوا۔ جائے وقوعہ کے قریب ہی ایک ہوٹل بھی واقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سکیورٹی اہلکار اور شہری بھی شامل ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
سکیورٹی حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ بہ ظاہر یہ دھماکہ دہشت گردی کی کارروائی معلوم ہوتا ہے تاہم اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
اس حوالے سے عدن کے گورنر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کی وجوہات اور محرکات کے بارے میں ابھی تک خاطر خواہ معلومات دستیاب نہیں ملی ہیں۔ عدن ایئرپورٹ کے گیٹ اور اس سے ملحقہ ایک ہوٹل میں زبردست آگ لگ گئی۔
امدادی کارکنوں نے دھماکے کی پہلی ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک رہائشی علاقے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑکتی دیکھی جا سکتی ہے۔ عدن کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا دھماکہ ہے۔
رواں سال کے آغاز میں حوثی ملیشیا نے عدن ہوائی اڈے پر میزائل حملے کیے تھے جن میں نئی یمنی حکومت کے ایک وفد کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان حملوں میں 26 شہری مارے گئے تھے جن میں انٹرنیشنل کمیٹی ریڈ کراس کے تین ملازمین اور ایک صحافی شامل تھے۔