
پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والے پولیو ہیلتھ ورکز اور ٹیموں کو لاہور پولیس کی طرف سے بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سٹی ڈویژن کی37،سول لائنز 17،ماڈل ٹاؤن 33،صدر 23, اقبال ٹاؤن کی 19جبکہ کینٹ ڈویژن کی 40 یونین کونسلز میں پولیو ورکرز کو سکیورٹی فراہم کرنے کے انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی دارالحکومت لاہور میں سال نو کی دوسری پولیو سے بچاؤ کی خصوصی مہم کا آج (پیر) سے آغاز کر دیا گیا ہے۔سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والے پولیو ہیلتھ ورکز اور ٹیموں کو لاہور پولیس کی طرف سے بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق 06 ہزار 360 پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر 1200 سے زائد پولیس افسران وجوان تعینات کئے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہر کی 169 یونین کونسلز میں انسدادِ پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سٹی ڈویژن کی37،سول لائنز 17،ماڈل ٹاؤن 33،صدر 23, اقبال ٹاؤن کی 19جبکہ کینٹ ڈویژن کی 40 یونین کونسلز میں پولیو ورکرز کو سکیورٹی فراہم کرنے کے انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پولیس مہم کے دوران تھانوں کی 498 موٹر سائیکلز،83 گاڑیاں پولیو مہم والے علاقوں میں موثر پٹرولنگ کریں گی۔بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ ایس پیز،ڈی ایس پیز اورایس ایچ اوز انسداد پولیو ٹیموں کے لئے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔سی سی سی پی او لاہور نے خبردارکیا کہ انسداد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ ہر گز نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور تھانوں کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ پولیو ویکسینیشن والی تمام یونین کونسلز میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کسی ناگہانی صورتحال سے باخبر ہونے اور فوری ردعمل کے لئے تمام پولیس ڈویژنل آفسز میں ‘پولیو ایمرجنسی ڈیسک’ بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔سربراہ لاہور پولیس نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ کسی بدسلوکی، ہراسگی یا تشدد کےکسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق قومی انسداد پولیو مہم صوبائی دارالحکومت میں 13فروری تا 19 فروری جاری رہے گی جس کے دوران شہر بھر کے 05 سال سے کم عمر کے 20 لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔