
سکول انرولمنٹ مہم کی مدد سے قریب 3 لاکھ بچے مزید پیما کے زیرِ انتظام سکولوں میں داخل ہوئے جو کہ خوش آئند ہے: منصور قادر
صوبائی وزیر سکول و ہائیر ایجوکیشن پنجاب منصور قادر کی پنجاب ایجوکیشن انیشئیٹیو مینیجمینٹ اتھارٹی (PEIMA) لاہور میں جائزہ اجلاس کی صدارت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر سکول و ہائیر ایجوکیشن پنجاب منصور قادر کی پنجاب ایجوکیشن انیشیٹیو مینجمنٹ اتھارٹی (PEIMA) گارڈن ٹاون لاہور آمد۔ صوبائی وزیر کا اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مفادِ عامہ کے تمام منصوبوں کو بہتر سے بہتر بنانا ہماری آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران پیما کے زیرِ انتظام سکولوں میں واضح بہتری آئی ہے۔ منصور قادر نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے 4276 سکول پیما کے زیر انتظام کام کر رہے ہیں اور پیما کے قیام سے اب تک ان سکولوں میں اساتذہ کی تعداد میں 143 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔ منصور قادر نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ چند سالوں میں سکول انرولمنٹ مہم کی مدد سے قریب 3 لاکھ بچے مزید پیما کے زیرِ انتظام سکولوں میں داخل ہوئے۔ صوبائی وزیر نے پیما کے مانیٹرنگ نظام کو ٹیکنالوجی کی مدد سے جدید بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ منصور قادر نے کہا کہ پیما کی کارکردگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں پیما کو مزید ایلیمنٹری سطح کے سکول بھی دینے کا فیصلہ کر رہے ہیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر سکول و ہائیر ایجوکیشن پنجاب منصور قادر کو پیما کے تمام امُور کے حوالے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس کا انعقاد پنجاب ایجوکیشن انیشیٹیو مینجمنٹ اتھارٹی گارڈن ٹاون لاہور میں کیا گیا اور اس موقع پر سیکریٹری محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب فیصل فرید، سی ای او پیما سفینہ صدیقی، و دیگر افسران موجود تھے۔