بینچز کی اچانک تبدیلی، جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور یحیٰی آفریدی کا سماعت سے انکار
قبل ازیں دونوں ججز نے منگل کو کیس جج کے نوٹس میں لائے بغیر کیس ایک سے دوسرے بینچ میں بھجوانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رجسٹرار اور زیرالتوا مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا تھا اور استفسار کیا تھا کہ سپریم کورٹ میں مقدمات سماعت کے لیے مقرر کرنے کا طریقہ کار کیا ہے؟
جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور جسٹس یحیٰی خان آفریدی نے چیف جسٹس کی جانب سے اچانک بینچز کی تبدیلی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آج مقدمات کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
قبل ازیں دونوں ججز نے منگل کو کیس جج کے نوٹس میں لائے بغیر کیس ایک سے دوسرے بینچ میں بھجوانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رجسٹرار اور زیرالتوا مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا تھا اور استفسار کیا تھا کہ سپریم کورٹ میں مقدمات سماعت کے لیے مقرر کرنے کا طریقہ کار کیا ہے؟
سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا کہنا تھا کہ ’میں سپریم کورٹ کا جج ہوں اور پانچ سال تک چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بھی رہ چکا ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم شفافیت چاہتے ہیں اگر رجسٹرار کیس ایک بینچ سے دوسرے بینچ میں لگا دے تو شفافیت کیسے ہو گی۔‘
ان کے مطابق ’لگتا ہے کہ ایک رجسٹرار جج سے بھی زیادہ طاقت ور ہے میں 2010 کے کیسز نہیں سن سکتا کیونکہ کیس رجسٹرار سماعت کے لیے مقرر کرتا ہے۔‘
جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے استفسار کیا کہ ’کیا میں فون کر کے رجسٹرار کو یہ کہہ سکتا ہوں کہ فلاح کیس فلاح بینچ میں لگا دیں۔‘
اس کے جواب میں رجسٹرار کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان کی منظوری سے ہی مقدمات سماعت کے لیے مقرر ہوتے ہیں۔
اس موقع پر جسٹس یحیٰی آفریدی نے دریافت کیا کہ کیسز فکس کرنے کا طریقہ کار کیا ہے۔