لاہور میں کرکٹر محمد حفیظ کے گھر میں چوری، چور لاکھوں روپے کی نقدی لے اُڑا
تھانہ ڈیفنس بی میں درج ایف آئی آر کے مطابق محمد حفیظ کے گھر ڈی ایچ اے فیز فور میں چور گھر کی پچھلی جانب سے داخل ہوا، اور محمد حفیظ کے کمرے کی کھڑکی توڑ کر غیر ملکی کرنسی اور قیمتی سامان چوری کر لیا۔
لاہور کے علاقے ڈیفینس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کرکٹر محمد حفیظ کے گھر میں چوری کی واردات ہوئی ہے جس میں چور لاکھوں روپے کی نقدی لے اُڑا۔
تھانہ ڈیفنس بی میں درج ایف آئی آر کے مطابق محمد حفیظ کے گھر ڈی ایچ اے فیز فور میں چور گھر کی پچھلی جانب سے داخل ہوا، اور محمد حفیظ کے کمرے کی کھڑکی توڑ کر غیر ملکی کرنسی اور قیمتی سامان چوری کر لیا۔
خیال رہے کہ محمد حفیظ آج کل پی ایس ایل کھیلنے میں مصروف ہیں۔
ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق چور نے محمد حفیظ کے کمرے سے پانچ ہزار یو اے ای درھم، 20 ہزار امریکی ڈالر، چار ہزار برطانوی پاؤنڈ اور تین ہزار یورو چوری کیے۔
ایف آئی آر میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے چوری کی یہ واردات پیر کی صبح 4 بجے کے قریب ہوئی اس وقت گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔
لاہور پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
ایف آئی آر محمد حفیظ کے بجائے ان کے قریبی رشتہ دار شاہد اقبال کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ تاہم محمد حفیظ نے بھی میڈیا کو اس چوری کی واردات سے متلعق خود تصدیق کی ہے۔
پولیس کے مطابق گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے تھے جن کی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے۔ اسی طرح سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔