اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

’عدلیہ مخالف بیان‘، کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نااہل قرار

سردار تنویر الیاس خان نے منگل کو عدالت کے سامنے عدلیہ سے متعلق اپنے بیان پر مبنی ویڈیو کلپس کی تصدیق کی اور غیرمشروط معافی طلب کی تاہم عدالت نے انہیں نااہل قرار دے دیا۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو کشمیر کی ہائی کورٹ نے اسمبلی رکنیت اور کسی بھی عوامی عہدے کے لیے دو برس تک نااہل قرار دے دیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے الیکشن کمیشن نے منگل کو نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
سردار تنویر الیاس خان نے منگل کو عدالت کے سامنے عدلیہ سے متعلق اپنے بیان پر مبنی ویڈیو کلپس کی تصدیق کی اور غیرمشروط معافی طلب کی تاہم عدالت نے انہیں نااہل قرار دے دیا۔
سردار تنویر الیاس نے چند دن قبل کشمیر کی عدلیہ کے بارے میں تنقید پر مبنی بیان دیا تھا جس پر انہیں کشمیر کی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے الگ الگ طلب کر رکھا تھا۔
منگل کی دوپہر وزیراعظم تنویر الیاس اسلام آباد سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریاستی دارالحکومت مظفرآباد پہنچے اور کشمیر کی ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ اس کے بعد عدالت نے ان سے ان کے بیانات سے متعلق پوچھا تو انہوں تسلیم کیا کہ یہ ان ہی کے بیانات ہیں۔
اس کے بعد ہائی کورٹ نے انہیں سپریم کورٹ میں پیش ہو کر واپس آنے کا حکم دیا۔ جب تنویر الیاس خان واپس ہائی کورٹ آئے تو عدالت نے انہیں توہین عدالت کے جرم میں سماعت ختم ہونے تک کی سزا سنا دی۔
فیصلے میں کیا لکھا گیا؟
کشمیر ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ’(تنویر الیاس) توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ کونٹیمینر (توہین عدالت کی کارروائی کا سامنا کرنے والے) کو کسی قسم کے ریلیف کا حق حاصل نہیں اور وہ عوامی مقامات پر اعلٰی عدلیہ کو تسلسل کے ساتھ سکینڈلائز کرتے رہے ہیں۔‘
فیصلے مزید لکھا گیا کہ ’کونٹیمنر نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی ہے اس لیے ہم نرمی کرتے ہوئے انہیں آزادکشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974 کے آرٹیکل 45 کے تحت عدالت اٹھنے تک کی سزا سناتے ہیں۔‘
’اس کورٹ سے سزا کے بعد کوٹیمینر دو سال کے لیے قومی اسمبلی کی رکنیت اور کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل ہو جائے گا۔‘
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعطم کو عدالت نے نااہل قرار دیا ہے۔
قبل ازیں اسی طرح کا ایک فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے دیا تھا جب جون 2012 میں اس وقت وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کیس میں سزا سنائی گئی تھی اور وہ نااہل ہو گئے تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button