
کھیل
جناح سٹیڈیم کی لائٹس غیر معیاری، پاکستان اور سعودی عرب کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فیفا کوالیفائر میچ 6 جون کو اسلام آباد میں کھیلا جانا ہے
پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ ٹو کے لیے جناح سٹیڈیم اسلام آباد کی لائٹس کو غیر معیاری قرار دے دیا ہے جس کے بعد فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ ٹو کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے ترجمان نے بتایا کہ ’جناح سٹیڈیم اسلام آباد کی لائٹس فیفا کے معیار کے مطابق نہیں ہیں، تاہم کوشش ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے ساتھ مل کر لائٹس کو فیفا کے معیار کے مطابق کیا جائے۔‘
ترجمان پی ایف ایف محمد یشل مظہر کا کہنا ہے کہ ’جناح سٹیڈیم کی لائٹس کی ریڈنگ کرنے پر معلوم ہوا کہ سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لیمونس 1400 سے کم ہے جبکہ بین الاقوامی سطح کے میچز کے لیے فلڈ لائٹس لیمونس 1400 تک ہونا لازمی ہے۔‘
ترجمان پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے مطابق ’اگر جناح سٹیڈیم کی لائٹس کا مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ ٹو کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔‘
’تاہم پاکستان فٹ بال فیڈریشن، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ مل کر لائٹس کے مسئلے پر کام کر رہی ہے۔‘
پی ایف ایف نے پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا
جناح سٹیڈیم کی لائٹس کے عالمی معیار کے مطابق نہ ہونے پر پی ایف ایف نے پاکستان سپورٹس بورڈ کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔
پی ایس بی کو بتایا گیا ہے کہ سٹیڈیم کی لائٹس کی ریڈنگ لکس میٹر پر کم ظاہر ہو رہی ہے جس کے سدباب کے بغیر میچ کا انعقاد ممکن نہیں۔
گراؤنڈ کے کچھ حصوں میں لائٹس کی ریڈنگ معیار کے مطابق نہیں
انہوں نے بتایا کہ اس وقت گراؤنڈ میں گول پوسٹ پر لائٹ کی ریڈنگ میں مسائل ہیں جہاں لائٹ ریڈنگ کے معیار پر پورا نہیں اُتر رہی۔
