
کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پارکنگ کی جگہ تجاوزات اور غیر قانونی کمرشلایزیش کے خلاف آپریشن
ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد تصیحی اقدامات نہ کرنے والوں کے خلاف دوبارہ آپریشن کیا جائے۔ پارکنگ کی جگہ تجاوزات بنانے اور بار بار نوٹسز دیئے جانے کے باوجود کان نہ دھرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پارکنگ کی جگہ تجاوزات اور غیر قانونی کمرشلایزیش کے خلاف آپریشن بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم سی ایل علی بخاری نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ کیپٹن ر شاہمیر اقبال اور چیف ٹاؤن پلانر شکیل انجم منہاس نے پارکنگ کی جگہ پر تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دی۔اجلاس میں گزشتہ دو ہفتوں میں شہر کی اہم شاہراہوں پر کیے گئے آپریشنز کی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیل روڈ، جوہر ٹاؤن، جی ون مارکیٹ، فیصل ٹاؤن، ابوالحسن اصفہانی روڈ، ایل ڈی اے ایونیو ون میں آپریشنز کیے گئے ہیں۔کار ڈیلر ایسوسی ایشن اور تاجر یونینز کی جانب سے درستگی اقدامات کرنے کی مانگی گئی مہلت پیر کو ختم ہو جائے گی۔ اس موقع پرکمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد تصیحی اقدامات نہ کرنے والوں کے خلاف دوبارہ آپریشن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کی جگہ تجاوزات بنانے اور بار بار نوٹسز دیئے جانے کے باوجود کان نہ دھرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کمشنر لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ 9 ماڈل شاہراؤں سمیت دیگر اہم سڑکوں پر بھی آپریشن کیا جائے۔ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالنے اور پارکنگ کی جگہ تجاوزات بنانے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔اجلاس میں کمشنر لاہور نے ایم سی ایل افسران کو شہر کے اہم مقامات پر تجاوزات کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ ندیم اختر زیدی ،ایڈیشنل کمشنر عارف عبدالسلام ، ڈائریکٹر ہاؤسنگ ٹین رابیل بٹ، ایل ڈی اے اور ایم سی ایل کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔