
راجن پور کے علاقہ کوٹ مٹھن کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 ریسکیو اہلکار شہید
ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان کے مطابق مقامی ریسکیو 1122کی ٹیم نے فوری طور پر حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ انہوں نے دو شہید ریسکیورز کی لاشوں کوریسکیو کر کے جسد خاکی کو ڈی ایچ کیو راجن پورمنتقل کر دیا
راجن پور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پنجاب ایمرجنسی سروسز کے 2اہلکار راجن پور کے علاقہ کوٹ مٹھن کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں شہید ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب راجن پور ریسکیو ایمبولینس جو کہ ایک بیمار مریض کو راجن پور سے شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کر کے واپس جارہی تھی کہ کوٹ مٹھن کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والے ٹرک نے ہٹ کر دیا۔ افسوس ناک تصادم کے نتیجے میں ریسکیو ڈرائیور محمد آصف اور اس کے ساتھی ریسکیوریوسف بخاری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان کے مطابق مقامی ریسکیو 1122کی ٹیم نے فوری طور پر حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ انہوں نے دو شہید ریسکیورز کی لاشوں کوریسکیو کر کے جسد خاکی کو ڈی ایچ کیو راجن پورمنتقل کر دیا۔ مقامی پولیس نے ٹرک کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے اس ٹریفک حادثے میں دونوں ریسکیورز کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے محمد آصف اور یوسف بخاری کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہارکیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے صوبائی مانیٹرنگ آفیسر سے واقعے کی فوری رپورٹ بھی طلب کی۔