
ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت صدر ڈویژن میں امن کمیٹی کا اجلاس
اتحاد ویگانگت کا مظاہرہ کر کے ہی شرپسند عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈی آئی جی آپریشنزلاہور سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ماہِ محرم ہمیں ایثار، قربانی اور حق پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے۔ ہم اتحاد ویگانگت کا مظاہرہ کر کے ہی شرپسند عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین ٹاؤن کے مقامی ہال میں صدر ڈویژن کی امن کمیٹی ممبران سے اجلاس کے دوران کیا۔ ایس پی صدر ڈویژن، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز اجلاس میں موجود تھے۔ صدر ڈویژن کے امن کمیٹی ممبران سمیت علماء کرام،مجالس وجلوسوں کے لائسنس ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ لاہور پولیس محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے پُر عزم ہے۔اتحاد بین المسلمین کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اللہ کی قربت کے حصول کا ذریعہ ہے۔ لاہور پولیس مزید بہتر انداز میں محرم ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیتی ہوئی نظر آئے گی۔ منتظمین مجالس و جلوس اوقات کارا ورروٹ کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں سرچ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔ شہری مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری پولیس کو دیں۔