مشرق وسطیٰ

 ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ا نتظامات مکمل رکھے جائیں، چیف سیکرٹری کا حکم

 اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، غفلت برداشت نہیں، اجلاس سے خطاب, دریاؤں میں بہاؤ معمول کے مطابق، بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے پر دریائے راوی،چناب میں سیلاب کا خطرہ، حکام کی بریفنگ

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ہدایت کی ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام ا نتظامات مکمل رکھے جائیں۔ اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں ممکنہ سیلاب اور مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ دریائے چناب اور اس سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے اور سیلاب سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کی ٹیمیں تعینات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز محکمہ آبپاشی کے افسران کے ہمراہ بندوں کا خود معائنہ کریں، سیلاب جیسی قدرتی آفت سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکمے ٹیم کے طور پر کام کریں۔ انہوں نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کوسیالکوٹ اور ڈیرہ غازی خان کا دورہ کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اورتمام مشینری اورڈی واٹرنگ پمپس کو مکمل استعداد پر فعال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اربن فلڈنگ سے بچنے کیلئے ڈرینز اور سیوریج لائنوں کی صفائی باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔ چیف سیکرٹری نے لاہور میں حالیہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کیلئے واسا اور ضلعی انتظامیہ کے کام کی تعریف بھی کی۔  
آبپاشی، ہاؤسنگ کے سیکرٹریز اور ڈی جی پی ڈی ایم نے اجلاس کو بریفنگ دی۔سیکرٹری آبپاشی نے بتایا کہ گزشہ برس پہاڑی سیلابی ریلوں نے ڈی جی خان میں محکمہ آبپاشی کے انفراسٹرکچر کو بری طرح نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ32سٹرکچرز پر تعمیر و مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ اس وقت تمام دریا ؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ تاہم بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کیصورت میں دریائے راوی اور چناب میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button