اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ابوالاحسنات ذوالقرنین نے سائفرکیس میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اسدعمر کے خلاف سائفر کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے جو بےبنیاد ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسد عمر شاملِ تفتیش ہونے کو تیار ہیں، درخواستِ ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے ایک لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کے عوض اسد عمر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 اگست تک ملتوی کر دی۔