
لاہور پولیس کی جانب سے ایشیاء کپ میچزکے دوران فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا
سکیورٹی پلان کے مطابق 10ایس پیز،36ڈی ایس پیز،86ایس ایچ اوز،445اپر سبارڈنیٹس اور 5ہزار سے زائد پولیس کے جوان میچز کے دوران سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): لاہور پولیس کی جانب سے ایشیاء کپ میچزکے دوران قومی و بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کرکٹ کا فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق 10ایس پیز،36ڈی ایس پیز،86ایس ایچ اوز،445اپر سبارڈنیٹس اور 5ہزار سے زائد پولیس کے جوان میچز کے دوران سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
یہ بات سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے آج یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایشیاء کپ کے تین میچز منعقد ہو ں گے۔ پہلا میچ بنگلا دیش اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین3ستمبرکو منعقد ہو گا۔دوسرا 5ستمبرکوسری لنکا اور افغانستان کے مابین جبکہ 6ستمبر کوسپر فور مرحلے کا میچ کھیلا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس نے ایشیاء کپ کیلئے بہترین سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ کے دوران شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ کھلاڑیوں کی قیام گاہ، روٹس اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے جائیں گے۔ کرکٹ کھلاڑیوں وشائقین کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے بیرئیرز، واک تھروگیٹس،میٹل ڈیٹیکٹرز، خاردار تاریں ودیگرسیکورٹی انتظامات بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہر فرد کی تلاشی کو یقینی بنایا جائے گاجبکہ خواتین شرکاء کی چیکنگ بذریعہ لیڈیز پولیس عمل میں لائی جائے گئی۔ سی سی پی اولاہورنے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران ایشیاء کپ کے دوران سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ میچوں کے دوران ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔ بلال صدیق کمیانہ نے شہر کی اہم شاہراؤں، مارکیٹوں،پبلک مقامات پر ناکے لگانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ کے میچز کے دوران سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے لاہور کے مختلف علاقوں کی موثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔سی سی پی او لاہورنے کہاکہ لاہور پولیس قیام ِ امن کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اورکھیلوں کے فروغ میں بھر پور ماونت فراہم کر رہی ہے۔