
عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سرکاری افسران اپنے فرائض بلا خوف و خطر سر انجام دیں، سیکرٹریز کانفرنس سے خطاب
مفاد عامہ کے ترقیاتی منصوبوں کو ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے سے متعلق احکامات جاری، تاخیر کی صورت میں متعلقہ محکمہ جوابدہ ہوگا, چیف سیکرٹری کی ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے خصو صی سیل قائم کرنے کی ہدایت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) میں خصو صی سیل قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب)، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (داخلہ)، محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور ڈائریکٹر جنرلزنے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی فلاح وبہبود محکموں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیر التواء انکوائریز، پنشن کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے، زیر التواء انکوائریز کے باعث سرکاری ملازمین کو محکمانہ ترقی سے محروم رکھنے سے انکی حق تلفی ہوتی ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سرکاری افسران اپنے فرائض بلا خوف و خطر سر انجام دیں، کام نہ کرنے والے افسران کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ چیف سیکرٹری نے مفاد عامہ کے ترقیاتی منصوبوں کو ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے سے متعلق بھی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ ترقیاتی منصوبہ میں تاخیر کیلئے جوابدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقیاتی سکیموں پر خصوصی توجہ دی جائے۔