ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ریسورس موبیلائزشن کمیٹی کا اجلاس، رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ریونیو اہداف کے حصول کا جائزہ لیا گیا
پنجاب کی نگران حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے، مختصر مدت میں عوام کی بھرپور خدمت کریں گے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ریسورس موبیلائزشن کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ریونیو اہداف کے حصول کا جائزہ لیا گیا،سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے ماہ جولائی سے اکتوبر تک مختلف محکموں کے ٹیکس اہداف کے حصول بارے بریفنگ دی جبکہ ماہ نومبر 2023سے فروری 2024 تک کے ٹیکس اہداف پر بھی غور کیا گیا، اجلاس میں ریونیو بڑھانے کے لئے ٹیکس تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ریونیو اہداف کے حصول کے لئے متعلقہ محکموں کی کارکردگی بہتر رہی ہے، عوام کی فلاحی سکیموں کے لئے وسائل کے حصول کی خاطر ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے، عوام کو صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ایس ایم تنویر نے کہا کہ مختصر مدت میں عوام کی بھرپور خدمت کریں گے ادارے ریونیو اہداف کے حصول کے لئے محنت، دیانت داری اور لگن سے کام کریں، اجلاس میں محکمہ خزانہ، پنجاب ریونیو اتھارٹی ،ایکسائز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی.