یونیورسٹیز پنجاب حکومت کی ریکروٹمنٹ پالیسی پر سختی سے عمل کریں، منصور قادر
داخلے کے باوجود غربت کی وجہ سے یونیورسٹی جائین نہ کرنے والے طلباء کی مخیر حضرات مدد کریں یونیوسٹیاں مستحق طلباء کی فیس ادائیگی میں معاونت کے لئے فنڈ قائم کریں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے کہا ہے کہ تمام یونیورسٹیاں پنجاب حکومت کی نئی ریکروٹمنٹ پالیسی پر سختی سے عمل کریں۔ یونیورسٹیوں کے انتظامی اور تدریسی معاملات میں بد عنوانیاں قطعاً برداشت نہیں کی جائیں گی۔ یونیورسٹیوں میں خلاف ضابطہ سرگرمیوں میں ملوث عملے کے خلاف انکوائریز اہل اور دیانتدار افسران کے ذمہ لگائی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایس اینڈ اینڈ جی اے ڈی کے کمیٹی روم میں منعقدہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے 18 ویں سنڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی، پروفیسر محمد اشرف، نعمان مقبول راؤ، کرامت خان، شاہد امتیاز، نوید حیدر شیرازی اور میاں عبدالقادر شاہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ کی بھی منظوری بھی دی گئی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بعض یونیورسٹیوں میں داخلوں کی شرح میں کمی کے معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غربت کی وجہ سے یونیورسٹی جوائن نہ کرنے والے طلبہ کی مخیر حضرات مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں مستحق طلباء کی فیس ادائیگی میں معاونت کے لیے فنڈ قائم کریں۔