اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاک فضائیہ کے سپر مشاق اور جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3 طیاروں کی دبئی ایئر شو میں شرکت

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس ایونٹ کے دوران پاک فضائیہ کا جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3 طیارہ پہلی دفعہ بین الاقوامی ایئر شو میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا

اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پاک فضائیہ کا دستہ دبئی ایئر شو 2023 میں بھرپور شرکت کر رہا ہے جس میں اس کے جدید جےایف-17 تھنڈر بلاک 3 لڑاکا طیارے اور اعلیٰ خصوصیات کے حامل سپر مشاق طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ یہ میگا ایونٹ 13 تا 17 نومبر 2023 تک جاری رہے گا ۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس ایونٹ کے دوران پاک فضائیہ کا جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3 طیارہ پہلی دفعہ بین الاقوامی ایئر شو میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا، جو کہ پاک فضائیہ کی جانب سے جدت کے حصول اور ہوابازی کی صنعت میں بہترین کارکردگی کے عزم کا عکاس ہے۔
یہ تاریخی لمحہ پاک فضائیہ کی جانب سے ایوی ایشن کے میدان میں ایک اہم سنگ میل اور ہوابازی کے حوالے سے عالمی سطح پر اس کی جدید ترین صلاحیتوں کا مظہر ہے۔جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3 لڑاکا طیارہ جدید فضائی جنگی ٹیکنالوجی اور جدت کی اعلیٰ مثال ہے۔ جدید ترین ایویانکس، اعلیٰ ترین ہتھیاروں اور بہترین الیکٹرونک جنگی نظام سے لیس جے ایف-17 بلاک 3 طیارہ فضائی منفرد خصوصیات، وسیع رینج اور بھرپور جنگی صلاحیتوں کا حامل ہے۔
پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کردہ اس طیارے کی دبئی ایئر شو میں شرکت پاک فضائیہ کی اس طیارے پر مکمل اعتماد کی عکاسی کرتی ہے جو دفاعی صنعت میں خودانحصاری کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا جامع ثبوت ہے۔ایئر شو میں جےایف-17 تھنڈر کے ساتھ پاک فضائیہ کے سپر مشاق طیارے کی نمائش بھی کی جا رہی ہے جو اپنی غیرمعمولی تربیتی صلاحیتوں اور استعداد کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہ قابل اعتماد تربیتی طیارہ پاک فضائیہ کے پائلٹس کی فضائی مہارتوں کو پروان چڑھانے اور ان کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اپنی شاندار کارکردگی اور بہترین موافقت کی بدولت سپر مشاق طیارہ بین الاقوامی سطح پر ایک قابل اعتماد تربیتی طیارے کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکا ہے۔دبئی ایئر شو دنیا بھر سے ہوابازی کے شائقین، دفاعی شعبے سے منسلک شخصیات اور ہوابازی کی صنعت کے سربراہان کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز کے مشاہدے اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
پاک فضائیہ کی اس ایئر شو میں شرکت اس کی جانب سے بین الاقوامی تعاون کو تقویت دینے کے ساتھ علاقائی استحکام کو فروغ دینے، قیام امن اور ہوا بازی کی صنعت میں ایک ذمہ دار عالمی شرکت دار کی حیثیت سےاپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button