
گرمی کی لہر میں کمی، پی ڈی ایم اے نے بارشوں کی نوید سنادی
موسلا دھار بارش کے باعث 26 اور 27 جون کو لاہور ، اسلام آباد راولپنڈی ، گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈ نگ کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے پیش گوئی کی ہے کہ گرمی کی لہر میں کمی کے باعث25 جون سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اےکے مطابق 25 جون سے کئی شہروں میں بارشیں ہو سکتی ہیں تاہم24 سے 30 جون تک لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
اس کے علاوہ ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ میں 26 سے 29 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شدید بارشوں کی وجہ سے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں 26 اور 27 جون کو شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے رپورٹ کیا کہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے جبکہ 27 جون کو ڈی جی خان میں شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے،لہذا مسافروں اور سیاحوں کو خراب موسم میں ناخوشگوار حالات سے بچنے کے لیے محتاط رہنا چاہیے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزیدکہا کہ آندھی اورموسلا دھار بارشیں بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ جیسے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، کاشتکار موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زرعی امور کا بندوبست کریں۔ تاہم متاثرین سول ایمرجنسی میں مدد کے لیے پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔