
لاہور ہائیکورٹ نے مانگا منڈی میں ڈرائیونگ لائسنس سنٹر بنانے کیلئے سی ٹی او لاہور کو ایک ماہ میں درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا
علاقہ میں ڈرائیونگ لائسنس سنٹر نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے،شہریوں کو لرننگ لائسنس،تجدید اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے دور دراز کے دیگر علاقوں میں جانا پڑتا ہے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):درخواست شہری شیخ محمد لطیف شاہد قومی ایوارڈ یافتہ گولڈ میڈلسٹ صحافی صدر نیشنل پریس کلب مانگا منڈی نے احمد عبداللہ ڈوگر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی تھی،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ صوبے بھر کے پولیس خدمت مراکز میں ڈرائیونگ لائسنس اجراء کی سہولت دی گئی،مگر مانگا منڈی کو اس سہولت سے محروم رکھا گیا،مانگا منڈی کی آبادی ساڑھے چار لاکھ افراد پر مشتمل ہے،مانگا منڈی چار یونین کونسلز اور سات دیہات کے علاوہ دیگر علاقے بھی اس میں شامل ہیں،علاقہ میں ڈرائیونگ لائسنس سنٹر نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے،شہریوں کو لرننگ لائسنس،تجدید اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے دور دراز کے دیگر علاقوں میں جانا پڑتا ہے،ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو مشکل کام سمجھتے ہوئے شہری لائسنس نہیں بنواتے، عدالت سی ٹی او لاہور کو ڈرائیونگ لائسنس سنٹر قائم کرنے کا حکم صادر کرے، عدالت نے درخواست سی ٹی او لاہور کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے.